الیکشن کمیشن کاغذات نامزدگی کو شفاف بنانے کیلیے ذمہ داری پوری کریں، حافظ نعیم

474

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہاہے کہ الیکشن کمیشن اور آئی جی پولیس اپنی ساکھ کر بحال کرنے کے لیے کاغذات نامزدگی کے ماحول کو شفاف بنانے کے لیے اپنی ذمہ داری پوری کریں، پی ٹی آئی کے لوگوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ بند کرے، پیپلزپارٹی پی ٹی آئی کے لوگوں کو ڈرانے دھمکانے کے عمل سے باز رہے۔

پولیس کی جانب سے ڈرانے اور گرفتاری کی دھمکی کے باعث مخصوص نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے رہ جانے والے تحریک انصاف کے منتخب چیئرمین اور وائس حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات کے لیے ادارہ نورحق پہنچ گئے۔

 ملاقات میں انہوں نے پولیس گردی سے آگاہ کیا اور بتایا کہ پی ٹی آئی کے مختلف چیئرمین اور وائس چیئرمین مخصوص نشستوں کے فارمز جمع کروانے کے لیے گئے تو پولیس کے اہلکاروں نے گرفتاری شروع کردی جس کے باعث مخصوص نشستوں پر کاغذات جمع کرانے کے لیے آئے ہوئے دیگر افراد بھی فارم جمع نہیں کرا سکے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت کی ایماء پر منتخب بلدیاتی نمائندوں کو ہراساں کرنے اور کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے روکنے کے عمل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے کراچی میں جماعت اسلامی کے میئر کے امیدوار  کی حمایت کااعلان کیاہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کاکہنا تھا کہ پیپلزپارٹی ایک بار پھر سے فسطائیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کی گرفتاریاں کررہی ہے ، یہ صورتحال الیکشن کمیشن اور ملک کے تمام اداروں کے لیے سوالیہ نشان ہے کہ جس وقت مخصوص نشستوں کے کاغذات نامزدگی جمع ہو رہے ہیں تولوگوں کو روکا جارہا ہے اور انہیں ان کے آئینی و قانونی حق سے محروم کیا جا رہاہے۔

انہوں نے کہاکہ  پی ٹی آئی کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کاغذات نامزدگی جمع کرانے گئے تو وہاں پولیس موبائیلیں لاکر کھڑی کردی گئیں اور انہیں گرفتار کرنا شروع کردیا ،پی ٹی آئی کے چیئرمین اور وائس چیئرین کو پاکستان کے آئین اور قانون کے مطابق حق حاصل ہے کہ یہ اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائیں ،انہیں کراچی کے عوام نے منتخب کیا ہے اور جو لوگ انہیں روک رہے ہیں وہ آئین اور قانون کی خلاف ورزی کررہے ہیں ۔