پاکستانیوں کے لیے گوگل 45 ہزار اسکالر شپس دے گا

582

کراچی: پاکستانیوں کے لیے دنیا کی سب سے بڑی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کی جانب سے 45 ہزار اسکالر شپس کا اعلان کیا گیا ہے۔

گوگل نے رواں برس پاکستانیوں کے لیے اسکالرشپس 15 ہزار سے بڑھا کر45 ہزار کردی ہے اور آئندہ سال ساڑھے 4 لاکھ پاکستانی نوجوانوں کو اسکالرشپس دی جائیں گی۔ اس بات کا اعلان، وفاقی وزیربرائے انفارمیشن ٹیکنالوجی، امین الحق نے ایک کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک اہم خبر ہے جو ملک میں 9 مئی کے دلخراش واقعے کی وجہ سے عوام تک نہ پہنچ سکی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ اسکالرشپ میں خواتین کا حصہ 40 فیصد رکھا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا ہمار گوگل انتظامیہ سے مسلسل رابطہ ہے اور اگلے سال گوگل ساڑھے 4لاکھ پاکستانیوں کواسکالرشپ دے گا۔ گوگل انتظامیہ نے 9مئی کو اسکالرشپس کی تعداد 15ہزار سے بڑھاکر 45ہزارتک کرنے کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزارت آئی ٹی نے ڈیجیٹل پاکستان کا ہدف حاصل کرنے کا تہیہ کیا ہوا ہے۔ ملک میں اگلے 50سال کی ضرورت کے تناظر میں آئی ٹی پالیسی مرتب کی گئی ہے۔