نیشنل گیمز: پاکستان آرمی نے 31 گولڈ، 6 سلور میڈلز جیت کر تائی کوانڈو چیمپئن شپ نام کرلی

523
WAPDA

کوئٹہ: 34 ویں نیشنل گیمز میں  دفاعی چیمپئن پاکستان آرمی نے 31 گولڈ  اور 6 سلور میڈلز جیت کر  تائی کوانڈو چیمپئن شپ اپنے نام کرلی۔

آرمی نے ان مقابلوں میں اپنی واضح سبقت دکھاتے ہوئے  مردوں کے مقابلوں میں  14 گولڈ اور 13 سلور میڈلز حاصل کیے۔خواتین کے مقابلوں میں آرمی 13 طلائی اور 3 نقرئی  تمغوں پر قابض ہوئی جب کہ آرمی نے چاروں مکسڈ ایونٹس بھی جیت لیے۔

تائی کوان ڈو مقابلوں میں  پی اے ایف نے 3 گولڈ، 6 سلور اور 11 برانز میڈلز جیت کر دوسری پوزیشن پائی۔ایچ ای سی کے 15 میڈلز میں  ایک گولڈ، 4 سلور اور 10 برانز میڈلز شامل رہے۔باڈی بلڈنگ  کے 10 میں سے 9 ایونٹس میں پاکستان واپڈا  گولڈ میڈلز جیتنے میں کامیاب رہی۔واپڈا نے 4 سلور اور ا تنے ہی برانز میڈلز پر بھی ہاتھ صاف کیا۔

آرمی نے ایک گولڈ کے ساتھ 5 سلور اور 2 برانز میڈلز جیت لیے۔بلوچستان نے ایک سلور میڈل جیتا جب کہ ایچ ای سی نے 2،پنجاب اور خیبر پختون خوا نے 1،1 برانز میڈل حاصل کیا۔جوڈو مقابلوں میں بھی پاکستان آرمی چھائی رہی۔آرمی نے مردوں کے 5  اور خواتین کے 2 ایونٹس میں گولڈ میڈل جیت لیے۔

ویمن مقابلوں میں آرمی نے  ایک سلور اور ایک برانز میڈل بھی جیتا۔دوسری پوزیشن پر واپڈا نے خواتین مقابلوں میں ایک گولڈ، اور ایک  برانز جبکہ مردوں کے مقابلوں میں  2 سلور اور ایک برانز میڈل پایا۔ایچ ای سی  نے خواتین ایونٹ میں ایک گولڈ اور ایک سلور میڈل جیت لیا جب کہ مردوں کے مقابلوں میں  ایک سلور اور 2 برانز میڈلز جیتے۔

بلوچستان نے نیشنل گیمز میں  پہلا گولڈ میڈل حاصل کر لیا۔تاج ریحان نے مردوں کے کراٹے مقابلے کی  75 کلوگرام  سے کم وزن  کیٹیگری میں فاتح بن کر میزبان صوبے کو گولڈ میڈل  دلوایا۔بلوچستان نے  کراٹے میں ایک سلور اور 2  برانز میڈلز بھی جیتے، تاہم آرمی نے  مجموعی طور پر 5 گولڈ، 2 سلور اور اتنے ہی برانز میڈلز جیت لیے،ان میں خواتین ایونٹس کے 3گولڈ اور ایک سلور میڈل بھی شامل ہے۔

واپڈا نے 3 گولڈ، 3 سلور اور 2 برانز حاصل کیے۔ان میں  مردوں میں  2 گولڈ، ایک سلور اور 2 برانز میڈلز بھی شامل ہیں۔مینز اوور 84 میں واپڈا کے وحید احمد، انڈر 84 میں محمد اویس نے گولڈ جیتا۔انفرادی کاتا میں آرمی کے سیف اللہ نے جب کہ ٹیم کاتا میں بھی آرمی نے ہی طلائی میڈل جیتا۔دوسری جانب  گیمز میں گالف  مقابلوں کا کوئٹہ گالف کلب میں آغاز ہوگیا جب کہ  کراچی کے قریب بحیرہ عرب میں سیلنگ چیمپئن شپ کا دوسرا مرحلہ شروع ہوا۔

دریں اثنا نیشنل گیمز میں پاکستان آرمی نے  گولڈ میڈلز کی سینچری مکمل کرلی۔ دفاعی چیمپئن نے  فیصلہ ہو جانے والے 654 میں سے 191 میڈلزجیت کر ڈبل سینچری کی جانب قدم بڑھادیا۔آرمی 62 سلور  اور 29 برانز میڈلز  بھی اپنے نام کرچکی۔مجموعی طور پر 144  میڈلز حاصل کر کے دوسرے  نمبر پر موجود پاکستان واپڈا  نے 52 گولڈ، 50 سلور اور 42 برانز میڈلز حاصل کر لیے ہیں جب کہ  تیسری پوزیشن کی حامل پاکستان نیوی نے  26گولڈ،  27 سلور 34   کانسی کے ساتھ مجموعی طور پر 87  میڈلز حاصل کر لیے ہیں۔

پاکستان ائیر فورس  5گولڈ ، 19سلوراور 26 کانسی کے ساتھ چوتھی ، ٗ ایچ ای سی  3 گولڈ ،9 سلوراو ر 47 کانسی کے ساتھ پانچویں، بلوچستان ایک گولڈ،8سلور اور18  کانسی کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔