شرپسندوں سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی، وفاقی وزیر اطلاعات

217
Imran Khan's lust

پشاور: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شرپسندوں اور مسلح جتھوں نے ریڈیو پاکستان پشاور کی عمارت پر مکمل منصوبہ بندی سے حملہ کیا، ہمارے قیمتی آرکائیو کو جلایا گیا جس کا ازالہ ممکن نہیں، شرپسندوں اور مسلح جتھوں سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 2014میں جس طرح ان لوگوں نے پی ٹی وی پر حملہ کیا تھا، اسی طرح مکمل منصوبہ بندی سے 9 مئی کو ریڈیو پاکستان پشاور کی عمارت پر حملہ کیا، 9 مئی کو گارڈز اور عملے نے شرپسندوں کو روکنے کی پوری کوشش کی لیکن 10 مئی کو یہ شرپسند اور مسلح جتھے مکمل منصوبہ بندی سے دوبارہ ریڈیو پاکستان کی عمارت پر حملہ آور ہوئے۔

انہوں نے کہاکہ شرپسند عناصر وں کے پاس ڈنڈے اور پٹرول تھا، ضلعی انتظامیہ اور ریڈیو پاکستان کے عملے نے عمارت کو بچانے کی بہت کوشش کی، اس دوران عملے کے متعدد افراد بھی شدید زخمی ہوئے، واقعہ کی ایف آئی آر بھی اسی روز درج کی گئی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ عمارت بھی دوبارہ بن جائے گی اور ٹرانسمیٹرز بھی لگ جائیں گے لیکن ہمارے تاریخی آرکائیو کو جلایا گیا جس کا ازالہ ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی پر حملہ کے بعد ہم نے آرکائیو کو ڈیجیٹل کر دیا تھا، یہی پراسیس ریڈیو پاکستان میں بھی جاری تھا۔

 انہوں نے کہا کہ اس طرح کے مجرموں اور مسلح جتھوں سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی، اگر یہ سمجھتے ہیں کہ سیاسی احتجاج کا لبادہ اوڑھ کر وہ اس جرم سے بری الذمہ ہو جائیں گے تو ایسا ممکن نہیں، 9 مئی دوبارہ نہیں دوہرائی جا سکتی، مجرموں کو سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔