ڈاکٹر فوزیہ صدیقی اپنی بہن سے ملنے امریکا جا ئیں گی، عافیہ موومنٹ

615

کراچی: عافیہ موومنٹ کی چیئرپرسن اور ملک کی معروف نیورولوجسٹ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی 20 سال کے طویل عرصہ میں پہلی مرتبہ  اپنی بہن ڈاکٹر عافیہ سے ملنے رواں ہفتہ کے آخر میں امریکا جا رہی ہیں۔

عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں عافیہ موومنٹ کے ترجمان محمد ایوب نے کہا ہے کہ  ان کے ہمراہ معروف برطانوی نژاد امریکی وکیل اور یوکے ہیومین رائٹس این جی او تھری ڈی کے ڈائریکٹر کلائیو اسٹفورڈ اسمتھ بھی ہوں گے، ڈاکٹر عافیہ جرم بے گناہی کی پاداش میں 20 سال سے امریکی قید میں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کے دورہ امریکا کے انتظامات میں معاونت اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کے تحت وزارت خارجہ نے کی ہے۔وزارت خارجہ کی کوششوں سے ہی ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو پانچ سال کا ملٹی پل انٹری امریکی ویزہ جاری کیا گیا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ  منسٹری آف فارن افیئرز) (MOFA نے عدالت عالیہ کو یہ یقین دہانی بھی کرائی ہے کہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی امریکا آمد پر فوری طور پر امیگریشن کے معاملات کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے اورڈاکٹر فوزیہ کی سلامتی اور حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔

واضح رہے کہ موفا (MOFA) نے عدالت عالیہ کو یہ یقین دہانی بھی کرائی ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے ان کے وکیل کلائیو اسمتھ کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا۔کلائیو اسمتھ نے گزشتہ سماعت میں عدالت کو بتایا تھا کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے حکومت پاکستان کی حمایت او ر شمولیت ناگزیر ہے۔