سراج الحق کے قافلے میں خود کش دھماکے کیخلاف جماعت اسلامی کا احتجاج

514
Protest

لاہور: ژوب میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے قافلے ہونے والے خود کش دھماکے کے خلاف شہر لاہور ودیگر علاقوں میں احتجاج کیا  گیا۔

سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم، امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید اور امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ، سیکرٹری لاہور خالد احمد بٹ نے کہا کہ رب کائنات کے مشکور وممنون ہیں جس نے سراج الحق کی حفاظت فرمائی اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنا دیا۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام  پی ایم جی چوک لوئر مال  پر امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق پر ژوب بلوچستان میں ہونے والے حملے کے خلاف ” احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کی قیادت کو جان سے زیادہ اسلام کی فکر ہے۔ قائد سراج الحق پر خود کش حملے کی ابھی تک فرانزک رپورٹ نہیں ہوئی جبکہ حملہ آوار کی لاش تک موجود ہے۔ 24 گھنٹے کی ڈیڈ لائن دیتے ہیں کہ حملے کے سہولت کاروں کو بے نقاب کیا جائے۔ قائد سراج الحق کی لاہور آمد پر اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں بے شمار شہادتیں ہوئی، حملے ہوئے کسی کو بے نقاب نہیں کیا گیا۔ ملک میں  ہندوستانی پائلٹ نے پاکستان کی سرزمین پر حملہ کیا اس کو چائے پلاکر بھارت کے حوالے کیا گیا۔ ہزاروں پاکستانی کے قاتل کلبوش یادو جیسے دہشتگرد کا بھی کسی کو علم نہیں کہ وہ کہاں ہے۔ سراج الحق پر حملہ کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لاکر دم لیں گے۔

احتجاجی مظاہرے میں نائب امراء جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد، ملک شاہد اسلم، احمد جمیل راشد،ڈپٹی سیکرٹری لاہور عامر نثار خان، صدر جے آئی یوتھ لاہور جبران بٹ  نے بھی خطاب کیا۔ صدر ریلوے پریم یونین شیخ محمد انور،امراء اضلاع لاہور عبد العزیز عابد، ڈاکٹر محمود خان, اظہر بلال، سیف الرحمن،شعیب یعقوب  ،امیدواران قومی و  صوبائی اسمبلی صوفی خلیق احمد بٹ، میجر افتخار ، حاجی ایاز احمد، چوہدری عبدالقیوم گجر، مرز عبدالرشید، خبیب نذیر، مظہر ملک ایڈوکیٹ، محمد اکرم سندھو، ملک منیر، عامر نور خان سمیت جماعت اسلامی لاہور کے قائدین  سمیت بڑی تعداد میں ورکرز نے شرکت کی۔ اس موقع  پر قائدین نیاس موقع پر سجدہ  شکر بھی ادا کیا۔

قائدین کا مزید کہنا تھا کہ سراج الحق ملکی سیاست کا دیانتدار درخشان ستارہ ہے۔  جماعت اسلامی کا ہر کارکن پاکستان کی سلامتی کے لیے  قربانی دینے کو تیار ہے۔ جماعت اسلامی کی جدوجہد تیز سے تیز تر ہوگی۔ قائد سراج الحق پر حملہ ملک میں بدامنی پھیلانے کی مذموم سازش تھی۔ملک و قوم کے مسائل کی اصل وجہ  استحصالی نظام اور اس کے وفادار ہیں۔  ملک کو صرف اسلامی نظام بچا سکتا ہے اور جماعت اسلامی ہی اسلامی نظام لاسکتی ہے۔حکمرانوں نے پاکستان کو عالمی طاقتوں کا اصطبل بناکر آئی ایم ایف کی غلامی میں دے دیا ہے۔ جماعت اسلامی بغیر کسی خوف کے عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔