عمران خان بیرونی ایجنڈے پر چل رہے ہیں، سعید غنی

469

کراچی:پیپلز پارٹی (پی پی)کراچی کے صدر سعید غنی نے کہا ہے کہ عمران خان بیرونی ایجنڈے پر چل رہے ہیں، اس حوالے سے عمران خان کے بھانجے اور یاسمین راشد کی ویڈیوز موجود ہیں۔

سعید غنی  نے کہا کہ ایک شخص ملک کے اداروں کیخلاف بات کر رہاہے، حملے کر رہا ہے، حملہ کرنے والوں کی شناخت بھی ہوچکی ہے، حملے کی اکثر ویڈیوزحملہ کرنیوالوں نے ہی بنائیں جوکہ ان کے گلے پڑ گئیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے تمام ووٹرز اور لیڈرز ملک دشمن نہیں، پارٹی میں بہت سے لوگ عمران خان کی پالیسی سے مطمئن نہیں اور پارٹی چھوڑ کرجارہے ہیں اور عمران خان کی پارٹی چھوڑنے والوں کے پاس پیپلز پارٹی کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔

سعید غنی نے کہا کہ اگرکوئی عمران کیساتھ نہیں چلتا تو ہمیں ان لوگوں کو راستہ دینا چاہیئے، ابھی تک پی ٹی آئی کراچی سے لوگوں نے ہم سے رابطہ نہیں کیا لیکن اگر کوئی آنا چاہتا ہے تو ویلکم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عدالتوں کو قانون کے مطابق فیصلے کرنے چاہیئں، اس طرح کا ماحول ہم نے ماضی میں نہیں دیکھا، یہاں تو ضمانت پر ضمانت مل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آبادہائیکورٹ میں لگتا ہے عمران خان کے وکیلوں نے دعائیں کیں اور جو عمران خان نے مانگا بھی نہیں اسے وہ بھی مل رہا ہے، یوں فوری ضمانت ملنے سے دہشت گردوں کے حوصلے بلند ہوں گے۔