آئندہ بجٹ میں خواتین کیلئے خصوصی اقدامات شامل کئے جائیں گے، احسن اقبال

445
Election

اسلام آباد:وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت نے قرضہ جات کی فراہمی کا آدھا حصہ خواتین کے لئے مختص کیا ہے ،پاکستان کی خواتین ہر شعبہ میں کامیابی کے جھنڈے گاڑھ رہی ہیں ، وزارت منصوبہ بندی و ترقی نے ترقیاتی منصوبوں کو خواتین کی ترقی سے منسلک کیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ خواتین ملک کی آبادی کا نصف ہیں ،ان کی شراکت کے بغیر ترقی نہیں ہو سکتی ، معاشی ترقی کا دارومدار خواتین کو تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے دورافتادہ علاقوں میں بچیوں کی تعلیم کو یقینی بنانے کے لئے یونیورسٹیز کے کیمپسز بنائے گئے ، حکومت کی ترجیح خواتین کو روزگار اور تعلیم کے مساویانہ مواقع فراہم کرنا ہے ، خواتین کی ترقی میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرنا لازمی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ معاشی نظام خواتین کو غیر فعال رکھنے سے ترقی نہیں کر سکتا ، خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لئے آئی ٹی اور ٹیکسٹائل کی صنعت میں شمولیت کے پروگرامز مرتب کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے قرضہ جات کی فراہمی کا آدھا حصہ خواتین کے لئے مختص کیا ہے ، پاکستان کی خواتین ہر شعبہ میں کامیابی کے جھنڈے گاڑرہی ہیں ، وزارت منصوبہ بندی و ترقی نے ترقیاتی منصوبوں کو خواتین کی ترقی سے منسلک کیا ہے۔