پی ٹی آئی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے ہر ادارے پر حملہ کیا، بلاول بھٹو زرداری

618
protection

اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف واحد سیاسی جماعت ہے جس نے ہر ادارے پر حملہ کیا۔

قومی اسمبلی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ ‘‘آپ کو دیکھ کر اچھا لگا’’ کے بجائے عدالت عسکری جماعت کی مذمت کرتی، دہشت گردی کی مذمت کرنی چاہیے تھی، خان صاحب کو موقع فراہم کیا جانا چاہیے تھا کہ آپ خود فیصلہ کرلیں کہ آپ سیاسی جماعت ہیں یا دہشت گرد تنظیم، اور اگر وہ سیاسی جماعت ہیں تو پھر خود کو اسی رویے کے ساتھ رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کو اب ایک ہوکر جواب دینا پڑے گا۔افسوس کی بات ہے خان صاحب کے ساتھ اسلام آباد ہائی کورٹ سے اعلیٰ عدلیہ تک سب نے یکجہتی کا اظہار کیا لیکن  کسی نے جناح ہاؤس کے ساتھ اظہار یکجہتی دکھایا؟، کسی نے جی ایچ کیو کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا؟۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان پرتشدد ہنگامہ آرائیوں کی مذمت نہ کرے اور اس پر  معافی نہ مانگے تو پھر اس کا مطلب کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں اور اب یہ ایک عسکری جماعت بن گئی ہے۔ اس ساری صورت حال میں ایوان کو پی ٹی آئی کو ایک عسکری تنظیم کے طور پر دیکھنا ہوگا جب کہ سپریم کورٹ کو بھی اسی طرح پی ٹی آئی سے رویہ رکھنا ہوگا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ وہ واحد سیاسی جماعت ہے جس نے ہر ادارے پر حملہ کیا، اس کا آغاز پارلیمان سے شروع ہوا، پھر انصاف کے اداروں پر تنقید کی، حکومت میں آئے اور سلیکٹڈ راج قائم کر کے آئی ایس آئی کو استعمال کیا اور اپنے مفادات نکلوائے، اُس وقت انہیں سوموٹو لے کر عمران خان کو عدالت میں طلب کرنا چاہیے تھا مگر انہیں جب سوموٹو یاد آتا ہے جب ہم اصل صورت میں جمہوریت بحال کرنے کے اقدامات کررہے ہیں۔