عدالت کے فیصلوں سے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ پاکستانی شہری نہیں لگ رہا، مولانا عبدالحق ہاشمی

1546
citizen

کوئٹہ: امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں سے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ پاکستانی شہری نہیں لگ رہا۔مولانا کی رہائی کے حوالے سے ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔

مولانا عبدالحق ہاشمی کا کہنا تھا کہ مقدمات ختم کرنے، مفادات کے حصول کے لیے حکمران، بدعنوان سیاسی قوتیں اور مقتدر قوتیں لوٹ مار کیساتھ عوام کو بار بار دھوکہ دے رہے ہیں عدلیہ کا دہرا معیار، مولانا ہدایت الرحمان اور عمران خان سمیت دیگر کے لیے الگ الگ قانون وانصاف کا معیار رکھ کر عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچارہی ہے۔

ان کاکہناتھا کہ جنگل کے قانون سے حالات ٹھیک نہیں ہوسکتے ۔بلوچستان کے حقوق کیلئے لڑنے والامولانا ہدایت الرحمان بلوچ کی رہائی کیلئے جماعت اسلامی نے پہلے بھی ملک گیر احتجاج دھرنے دینے آئندہ بھی دیں گے سپریم کورٹ کے فیصلوں سے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ پاکستانی شہری نہیں لگ رہا۔مولانا کی رہائی کے حوالے سے ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے دورہ نصیرآباد ڈیرہ مرادجمالی کے موقع پراراکین وذمہ داران اجلاس سے خطاب اور وفودسے ملاقات کے دوران گفتگومیں کیا اس موقع پر نائب امیر صوبہ بشیر احمدماندائی، صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری انجینئر عبدالمجیدبادینی، امیر ضلع خاوند بخش مینگل ودیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔

مولانا عبدالحق ہاشمی کا کہنا تھاکہ بلوچستان اور وفاق کے قیدی میں فرق کرنا کسی صورت ٹھیک نہیںاس سے عدلیہ پر عوام کا اعتمادخراب ہوا عدلیہ کے دہرے معیار سے عوام پریشان اور عدل وانصاف کانظام داغدار و مشکل ہورہا ہے ۔ جماعت اسلامی نے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کی رہائی کے حوالے سے کئی بار ملک بھر وبلوچستان بھر میں یکجہتی بلوچستان منایا پورے ملک سمیت بلوچستان کے اکثر اضلاع میں مولانا وحق دوکے گرفتاررہنمائوں کی رہائی ،عدل وانصاف کے قیام کیلئے جدوجہد کیا ہم مولاناہدایت الرحمان بلوچ کی گرفتاری ،جھوٹے مقدمات ،گوادر وبلوچستان کے مظلوموں کے حوالے سے عدالت کا دوہرامعیار ،قومی جماعتوں ،قومی میڈیا کی خاموشی پر خاموش نہیں رہیں گے۔

ان کا کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی ہر ظلم وجبر کے خلاف اور ہر مظلوم کیساتھ ہے عوام نے سب کو آزمالیا مگر ناامید ہوئے اب حل صرف جماعت اسلامی ہے انشاء اللہ جماعت اسلامی عوام کو مایوس نہیں کریگی مولانا کا جرم لٹیروں کے خلاف آوازبلند کرنا اور جمہوری حقوق کیلئے قانونی جدوجہد ہے۔