سندھ ہائیکورٹ: پی پی کے جنرل کونسلر کو ڈس کوالیفائی کرنے کیخلاف درخواست مسترد

657

کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے پیپلز پارٹی کے جنرل کونسلر کو الیکشن کمیشن کی جانب سے ڈس کوالیفائی کرنے کیخلاف درخواست مسترد کردی۔

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو پیپلز پارٹی کے جنرل کونسلر کو الیکشن کمیشن کی جانب سے ڈس کوالیفائی کرنے کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

درخواست گزار محمد اظہر کے وکیل نے مؤقف دیا کہ میرے موکل اختر کالونی یونین کمیٹی نمبر 6 کے وارڈ 2 سے جنرل کونسلر منتخب ہوا تھا۔ مخالف پارٹی کے امیدوار نے کامیابی کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کردیا۔

وکیل کا کہنا تھا کہ مخالف پارٹی کے امیدوار نے جواز بنایا کہ میرے موکل کا ووٹ ہی اس حلقے میں رجسٹرڈ نہیں ہے۔ الیکشن کمیشن نے اس بنیاد پر مجھے ڈس کوالیفائی کردیا۔ درخواست گزار کے پاس ووٹر سرٹیفکیٹ موجود ہے۔ ووٹر سرٹیفکیٹ سے واضح ہوتا ہے کہ درخواستگزار اسی حلقے کا ووٹر ہے۔ الیکشن کمیشن کا دائرہ اختیار نہیں ہے کہ وہ اس طرح کی درخواست سنے اور فیصلہ دے۔

عثمان فاروق ایڈوکیٹ نے موقف دیا کہ جماعت اسلامی کے امیدوار کی شکایت پر الیکشن کمیشن نے پیپلز پارٹی کے کونسلر کو ڈس کوالیفائی کیا تھا۔ پیپلز پارٹی کا کونسلر انتخابی حلقے کا ووٹر ہی نہیں تھا۔

الیکشن کمیشن کے لاء افسر نے مؤقف دیتے ہوئے کہا کہ کاغذات نامزدگی اور اسکروٹنی کے وقت درخواست گزار اس حلقے کی ووٹر لسٹ میں شامل نہیں تھا۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کیخلاف دائر درخواست مسترد کردی۔