عمران کے ساتھ عام شہری جیسا سلوک ہونا چاہئے، مریم اورنگزیب

311

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہم سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتے، عمران خان کو گرفتار یاخاموش کرنا ہوتا تو 14 ماہ انتظار نہ کرتے، عمران خان نے ہمیشہ عدلیہ کی توہین کی، کبھی قانون کی پاسداری نہیں کی، وہ سمجھتا ہے کوئی اسے پوچھ نہیں سکتا، عمران خان کی گرفتاری قانون کے مطابق تھی، ان کے ساتھ عام شہری جیسا سلوک ہونا چاہئے۔

نجی ٹی وی سے انٹرویو کے دوران  وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان پر کرپشن کے الزامات تھے، ان کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں، یہ گرفتاری نیب نے کی اور قانون کے مطابق تھی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ عدلیہ کی توہین کی،انہوں نے کبھی قانون کی پاسداری نہیں کی، وہ سمجھتے ہیں کہ کوئی ان سے پوچھ نہیں سکتا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتے، عمران خان کو گرفتار یا خاموش کرنا ہوتا تو ہم 14 ماہ انتظار نہ کرتے۔ ہم عمران خان کو کیوں نااہل کرانا چاہیں گے؟کوئی بھی جمہوری حکومت ایسا کیوں کرنا چاہے گی؟

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور میں سیاسی رہنماؤں کو گرفتار کیا اور جیلوں میں ڈالا، انہوں نے اقتدار میں آتے ہی سیاسی رہنماؤں کی آواز بند کرنے کی کوشش کی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عدالتی حکم جاری ہونے کے بعد یہ ان کا آئینی حق ہے کہ وہ اس آرڈر کا جائزہ لیں یا اس پر بات کریں۔

ایک اور سوال پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ گزشتہ تین روز کے دوران کوئی پرامن شہری سڑکوں پر نہیں تھا، صرف مسلح جتھے اور دہشت گرد موجود تھے جنہوں نے ریاستی اور عوامی املاک کو نقصان پہنچایا۔