پی ٹی آئی کو لاہور میں ریلی کی اجازت مل گئی

540

لاہور:  پاکستان تحریک انصاف کو لاہور میں زمان پارک سے لکشمی چوک تک ریلی کا اجازت نامہ جاری کردیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نے تحریک انصاف ریلی کی اجازت کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی سے حلف لینے کے بعد اجازت دی گئی۔

اجازت نامے کے مطابق ریلی کی اجازت دن 2 بجے سے شام ساڑھے 7 بجے تک ہو گی۔ریلی انتظامیہ پولیس کے ساتھ تعاون کرے گی، سیکورٹی کی ذمہ دار ہو گی۔ عدلیہ اور اداروں کی خلاف تقاریر کی اجازت نہیں ہوگی۔  بہتر سیکورٹی کے لیے فوکل پرسن اور پی ٹی آئی ذمے داران متعلقہ سیکورٹی اور ضلعی انتظامیہ کیساتھ تعاون کریں گے۔

این او سی میں کہا گیا ہے کہ ٹریفک روانی برقرار رکھنے کے لیے پی ٹی آئی ذمے داران ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کیساتھ مکمل تعاون کریں گے۔  ریلی  کے دوران پبلک پراپرٹی کو نقصان پہنچنے کی صورت میں پی ٹی آئی کی متعلقہ انتظامیہ ذمہ دار ہوگی۔ ساؤنڈ سسٹم کے استعمال سے متعلق متعلقہ قانون کی پاسداری کی جائے گی۔ پی ٹی آئی رضا کار ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔

انتظامیہ کی جانب سے دی گئی اجازت میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی ریلی کے باعث کسی بھی جگہ کارروباری مراکز کو بند کرنے اور نقصان پہنچانے کی اجازت ہر گز نہ ہوگی۔  ریلی میں کارکن ڈنڈے، یا اس سے متعلقہ کوئی چیز ساتھ نہیں لائیں گے۔  ریلی کے دوران کسی کے بھی جذبات احساسات مجروح نہیں ہوں گے۔   جلسہ گاہ اور اطراف میں کسی بھی قسم کے اسلحہ کے نمائش کی اجازت نہیں ہو گی۔

اجازت نامے کے مطابق   دوسرے اضلاع سے آنے والے شرکا لاہور انتظامیہ کی تمام شرائط پرعمل کریں گے۔ ریلی روٹ پر کسی بھی طرح  کی وال چیکنگ نہیں ہوگی۔  زبردستی کسی کو جلوس میں شامل نہیں کیا جائے گا۔