جنرل باجوہ نے کئی بریفنگز میں کہا ٹینکوں میں تیل نہیں، عمران خان

367

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ جنرل (ر) باجوہ نے کئی بریفنگز میں کہا ٹینکوں میں تیل نہیں ہے، میں حیران تھا یہ کس قسم کا آرمی چیف ہے جو یہ بات کرتا ہے۔

عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے میرے خلاف مقدمات کی ڈبل سنچری ہو جائے گی، کرکٹ میں تو میں 170 تک ہی پہنچا تھا ڈبل سنچری نہیں ہوئی تھی۔ آزادکشمیر میں کس نے سب کروایا وہاں کے سابق پی ایم بتا چکے ہیں، ہمارے مذاکرات ٹی ٹی پی نہیں نئی افغان حکومت سے ہوئے تھے۔

سابق وزیر اعظم نے مزید کہا ہے کہ ٹی ٹی پی وہاں سے آپریٹ کر رہی تھی، ہم نے کہا ان لوگوں کو واپس بھیجیں، جنرل باجوہ بھی تھے اس میں، آئی ایس آئی کے سربراہ بھی تھے، ہماری بات چل رہی تھی کہ کیسے ان کو ری ہبلیٹیٹ کرنا ہے لیکن حکومت ہی چلی گئی، پی ڈی ایم حکومت نے آکر پھر کسی چیز کی پروا نہیں کی۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس فیض حمید سے بھی اوپر سے آیا تھا۔ ہمیں بتایا گیا نواز شریف جائداد پر فارغ ہوا، خود میں نے بھی لندن فلیٹ کا جواب دیا۔ ہمیں تو بتایا جاتا تھا قانون سب کے لیے برابر ہے لہٰذا فائز عیسیٰ سے بھی جواب لینا ہے۔ بعد میں اندازہ ہوا اس کا مقصد کچھ اور تھا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے افغان حکومت سے کہا تھا ٹی ٹی پی کو واپس بھیجیں۔ میرے مقدمات میں تیزی سے اضافہ کیا جارہا ہے، ڈبل سنچری جلد مکمل ہو جائے گی، کرکٹ میں تو میں 170 تک ہی پہنچا تھا ڈبل سنچری نہیں ہوئی تھی۔دوبارہ حکومت میں آکر کرپٹ فوجی افسران کے خلاف کارروائی سے متعلق سوال پر عمران خان نے جواب دیا ہم نے کہا ہے رول آف لا کے مطابق کارروائی ہوگی۔