سابق آرمی چیف کا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا

367

راولپنڈی:پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)نے کہا کہ پاکستانی عوام یقین رکھیں پاک فوج کو ہمیشہ اپنی آپریشنل تیاریوں اور بہترین جنگی قابلیت پر فخر رہا ہے،سابق آرمی چیف کا پاکستان کے مستقبل کے خطرے پر بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاکہ پاک فوج کی جنگی تیاریوں کے بارے میں میڈیا میں بحث سامنے آئی، یہ مباحثے سابق آرمی چیف کے انٹرویو کے تناظر میں ہوئے۔پاکستان کو مستقبل کے درپیش خطرات پر سابق آرمی چیف کے خیالات کے بارے میں بات کی گئی۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ اپنی آپریشنل تیاریوں اور انتہائی جنگی قابلیت پر فخر کیا اور کرتے رہیں گے، فوج مادر وطن کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہے، پاک فوج نے ہتھیاروں، سازو سامان اور جنگی وسائل سے بھرپور ہیومن ریسورس ہمیشہ تیار رکھا ہے۔