ہتھنی نورجہاں کا علاج جاری، آصفہ زرداری کی جانب سے چھڑکاؤوالے پنکھے نصب

459

کراچی: چڑیا گھر میں ہتھنی نورجہاں کا علاج جاری ہے جبکہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کی چھوٹی ہمشیرہ بی بی آصفہ زرداری کی جانب سے پانی چھڑکائو والے پنکھے لگا دیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق کراچی کے چڑیا گھر کی بیمار ہتھنی نورجہاں کا علاج جاری ہے اور ڈائریکٹرچڑیاگھرکنورایوب نے بتایاکہ گزشتہ روز اس کے ٹیسٹ اور الٹرا ساؤنڈ بھی کیے گئے ہیں جس کی رپورٹ آنے کے بعد اسے فور پاز ٹیم کو ارسال کیا جائے گا۔

ڈائریکٹر چڑیا گھر کے مطابق ہتھنی کا ہر 3 سے 4 گھنٹے میں پہلو تبدیل کرایا جا رہا ہے اور منگل کی صبح بھی اس کی پوزیشن تبدیل کرائی گئی جب کہ ملٹی وٹامنز ڈرپس اور ادویات بھی دی جا رہی ہیں جس سے نورجہاں کا انرجی لیول بڑھا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ہتھنی کی صحت کے لیے ماہرین پر مشتمل کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔ ڈاکٹرز ہتھنی کی صحت سے متعلق فور پاز ٹیم سے مسلسل رابطہ میں ہیں اور اس کی جانب سے دی گئی ہدایات پر مکمل عمل کیا جا رہا ہے۔