غیر جمہوری قوتیں نالائق اور سلیکٹڈ کو دوبارہ مسلط کرنا چاہتی ہیں، بلاول

350

اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ غیر جمہوری قوتیں چاہتی ہیں کہ نالائق اور سلیکٹڈ ایک بار پھر قوم پر مسلط ہو۔

قومی اسمبلی میں دستور کی گولڈن جوبلی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آمر نے کچھ جعلی سیاستدان اور کٹھ پتلیاں کھڑے کیے، غیر جمہوری قوتیں چاہتی ہیں نالائق اور سلیکٹڈ دوبارہ قوم پر مسلط ہو، اٹھارہویں ترمیم واپس ہو، ون یونٹ قائم ہو اور سلیکٹڈ راج چلے، تباہی کا سفر ایک مرتبہ پھر چلے، کیوں کہ وہ نہیں چاہتے کہ یہ حکومتی اتحاد کامیاب ہو، ہمارا وزیراعظم شہباز شریف، شریف آدمی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کو نکالنے کا یہ مطلب نہیں کہ سازش ختم ہو گئی، آئین پاکستان اور عدلیہ کے ساتھ کھیل کھیلا جا رہا ہے جو ایک بڑے 10 سالہ گیم پلان کا حصہ ہے، اداروں میں اب بھی وہ لوگ موجود ہیں جو نہیں چاہتے حکومتی اتحاد کامیاب ہو، وہ چاہتے ہیں سلیکٹڈ دوبارہ مسلط ہوجائے، جس طرح حکومت ایک آدمی کو دلوانی تھی، اس طرح سپریم کورٹ میں بھی ایسی ہی سازش ہورہی تھی، کسی نہ کسی طریقے سے آئین کا ساتھ دینے والے جج کو نکال دیا جائے اور کچھ ججز کو توسیع دلائی جائے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اس سازش میں شریک لوگ آج بھی اعلیٰ عدلیہ میں موجود ہیں، ہم نے اس سازش کو بھی ناکام بنایا، اسی طرح فوج میں بھی ایک سازش تھی کہ میرٹ کا قتل کرتے ہوئے کسی کو اس ادارے پر بھی 10 سال کےلیے مسلط کرنا تھا، اس 10 سالہ پلان کے نتیجے میں ایک سیلیکٹڈ وزیراعظم ، ایک سیلیکٹڈ آرمی چیف اور ایک سیلیکٹڈ چیف جسٹس لاکر ایک سیلیکٹڈ مارشل لا قائم کرنا تھا اور یہی اصل ڈاکٹرائن تھی، تاکہ ملک میں آمریت نافذ کی جائے اور دنیا کو سلیکٹڈ جمہوریت دکھائی جائے۔