پنجاب کے سرکاری اسکولوں میں سہولیات بہتر کرنے کی ہدایت

707

لاہور :نگراں وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی نے سرکاری سکولوں میں سہولیات بہتر کرنے کی ہدایت کر دی۔

محسن نقوی نے گورنمنٹ سینٹرل ماڈل سکول ریٹی گن روڈ اور لوئر مال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے تعلیمی سہولتوں کا جائزہ لیا۔طلبہ نے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کے سوالات کے جواب دیے اور تعلیمی سرگرمیوں کے بارے میں بتایا۔

نگراں وزیراعلیٰ نے اساتذہ سے بھی بچوں کی تعلیمی سرگرمیوں کے بارے میں دریافت کیا اور اسکولوں میں فری کتابوں کی فراہمی کے حوالے سے بھی استفسار کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ سینٹرل ماڈل سکول کا ماضی میں بڑا نام تھا، مختصر وقت میں سنٹرل ماڈل سکول کی عظمت رفتہ کو بحال کریں گے، سنٹرل ماڈل سکول کی شعبہ تعلیم میں اپنی منفرد تاریخ ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا سکول کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کیلئے نصاب میں تبدیلیاں ضروری ہیں، تعلیمی نصاب کو جدید تقاضوں کے مطابق ہونا چاہیے، اسکول کا بورڈ آف گورنرز اس بارے میٹنگ کرکے فوری اقدامات کرے، سرکاری اسکولوں میں طلبہ کے لیے تعلیمی سہولتوں کو بہتر بنانے کے لیے مزید فنڈز مہیا کیے جائیں گے۔