پاکستان سیکولر نہیں بلکہ اسلامی ریاست ہے

717

آج جب قیامِ پاکستان کو پچھتر برس سے زیادہ کا عرصہ بیت چکا ہے، یہ دیکھ کر دل خون کے آ نسو رونے لگتا ہے کہ عوامی حلقوں کے ساتھ ساتھ سیاسی حلقوں میں بھی وطن ِ عزیز کے تشخص بارے میں سوال اٹھائے جانے لگے ہیں۔ یعنی نظریہ ٔ پاکستان کے مخالف یہ ثابت کرنے پہ تلے ہوئے ہیں کہ تقسیم کا مقصد پاکستان کو ایک نظریاتی اسلامی ریاست بنانا نہیں بلکہ ایک سیکولر ریاست بنانا تھا۔ جبکہ حقیقت یہ ہے کہ پاکستان کا قیام محض ایک تاریخی حادثہ نہ تھا اور نہ ہی سیاسی فتح بلکہ یہ ہندوستان کے مسلمانوں کی اپنے جداگانہ تشخص کو برقرار رکھنے کی خواہش کا ثمر تھا۔ درحقیقت قائد اعظم کی قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے پاکستان بناکر اپنی تہذیب، مذہبی اقدار اور ثقافت کو بچا لیا۔ پاکستان کا مطالبہ دو قومی نظریے کی وجہ سے سامنے آیا۔ برصغیر میں ہندوؤں کی تعداد مسلمانوں سے تین گنا زیادہ تھی۔ جغرافیائی ریاست کو تسلیم کرلینے کا مطلب تھا کہ مسلمان اکثریت کے رحم و کرم پر رہتے اور ریاستی معاملات میں اگر ہندو راج نہ بھی ہوتا تب بھی سیکولر ازم پر مبنی طرز حکمرانی مسلمانوں کو قبول کرنا پڑتی۔ اس حقیقت کو سامنے رکھتے ہوئے مسلمانان برصغیر نے اپنے لیے الگ وطن کا مطالبہ کیا کیونکہ متحدہ ہندوستان میں نہ صرف ان کی مذہبی اقدار محفوظ نہ رہ سکتی تھیں، بلکہ اسلام کے سنہرے اصولوں اور اعلیٰ تعلیمات کے مطابق وہ زندگی نہ گزار سکتے تھے۔ یہ سوچ اور یہ جذبہ قیام پاکستان کا محرک تھا۔ انگریز اس سوچ کے خلاف تھا کیونکہ انیسویں اور بیسویں صدی میں ریاستوں کا وجود جس فلسفہ پر ترتیب پا رہا تھا، وہ نیشنل ازم کی سوچ تھی۔ اس سوچ کے تحت چونکہ جغرافیائی وحدت کی بنیاد پر ریاستوں کی شکیل ہو رہی تھی لہٰذا انگریز حکومت کی خواہش تھی کہ ہندوستان ایک وحدت رہے جب کہ کانگریس کی سوچ بھی یہی تھی۔ کانگریس نے مسلمانوں کے ایک چھوٹے سے گروہ کو بھی اپنا ہمنوا بنالیا تھا جس کا خیال تھا کہ مسلم پرسنل لا کا تحفظ حاصل ہو تو متحدہ ہندوستان میں باہمی میل جول سے رہا جاسکتا ہے۔ اس گروہ نے یہ حقیقت فراموش کر رکھی تھی کہ اجتماعی زندگی کے معاملات کا کیا بنے گا کیونکہ پرسنل لا تو محض ذاتی زندگی کے تحفظ سے متعلق ہے۔
قائداعظم کی قیادت میں آل انڈیا مسلم لیگ مسلمانوں کی نمائندہ تنظیم کے طور پر ابھری تو اس کی جانب سے مسلمانوں کے لیے الگ وطن کا باضابطہ مطالبہ کیا گیا۔ یہ مطالبہ23 مارچ1940 ء کو منٹو پارک لاہور میں آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاس میں کیا گیا۔ مسلم لیگ مطالبہ پاکستان کے بعد مسلمانان ہند کی مقبول ترین جماعت بن گئی۔ یہ وہ وقت تھا جب کانگریس کی قیادت نے مسلم لیگ سے مذاکرات کیے اور گاندھی جناح بات چیت میں خاص طور پر یہ پہلو زیر بحث آیا کہ تقسیم ہندو مذہب کی بنیاد پر کیوں کی جائے۔ گاندھی ویسے تو تقسیم ہند پر رضامند نہ تھے، ایک مکتوب میں انہوں نے رضامندی کا اشارہ بھی دیا مگر شرط یہ تھی کہ تقسیم مذہبی بنیادوں پر نہیں ہونی چاہیے بلکہ ایسے ہو جیسے دو بھائیوں کے درمیان ہوتی ہے۔ قائداعظم یہ بات نہ مانے۔ انہوں نے دو قومی نظریہ کی بنیاد پر تقسیم ہند کے مطالبے پر اصرار کیا کیونکہ یہ 23مارچ 1940 کو منظور ہونے والی قرارداد لاہور (پاکستان) کے عین مطابق موقف تھا، اگر قائداعظم اس موقف سے پیچھے ہٹ جاتے تو مطالبہ پاکستان اول تو اپنا جواز کھو دیتا، لیکن اگر تقسیم ہند کسی مجبوری کے تحت انتظامی لحاظ سے ہو بھی جاتی تو پاکستان کو نظریاتی ریاست قرار نہ دیا جاسکتا تھا اور یہ بات قائداعظم سمیت مسلمانان برصغیر کو منظور نہ تھی۔
پاکستان ان کے خوابوں کی تکمیل تھا اور یہ خواب انتظامی یونٹ بناکر پورے نہ کیے جاسکتے تھے کیونکہ ایسا حکومتی انتظام مسلمانوں کو قطعاً گوارا نہ تھا۔ وہ اسلامی ریاست کے قیام کے لیے کوشاں تھے، جہاں وہ اسلامی تعلیمات کے مطابق زندگیاں گزار کر دنیا کو دکھا سکتے کہ اسلام کے سنہری اصولوں کی پیروی کرکے ظلم و استحصال سے ایک بہترین معاشرہ کیسے قائم ہوتا ہے۔ آج بھارت میں نریندر مودی سرکار کی حامی متعصب ہندو جماعت بی جے پی نے جس زور و شور سے بھارتی مسلمانوں کی مذہبی آزادی سلب کر رکھی ہے۔ یہ واضح ثبوت ہے کہ قرارداد پاکستان میں کتنی سچائی تھی متعصب ہندوؤں کے ہاتھوں مساجد کی پامالی، خواتین کے حجاب پہننے پر پابندی، گائے کے گوشت کے استعمال پر مسلمانوں کا قتل عام وہ شواہد ہیں جو دو قومی نظریہ کی اہمیت کا اظہار کرتے ہیں۔ ناقدین یہ سوال بھی اٹھاتے ہیں کہ اگر اسی کو آزادی کہتے ہیں تو پھر اس سے وہ غلامی اچھی تھی، جس میں بھوک، ننگ، افلاس، غربت اور استحصال اس قدر نہیں تھا کہ جیسے آج انسانیت سسکتی ہے، روز مرتی ہے، جینا دشوار بلکہ مرنا اس سے بھی مشکل ہوچکا ہے۔ آج بھی پاکستان کے کئی شہروں میں مفت آٹا کا ایک دس کلو کا تھیلا لینے کے لیے لوگ لاٹھی چارج کا شکار ہیں اور کئی ضعیف اس تگ و دو میں جان سے بھی جا چکے ہیں۔ کیا یہ تھا وہ خواب جس کے لیے تاریخی قرارداد پاکستان منظور ہوئی اور لاکھوں قربانیاں دی گئیں؟ ہرگز ہرگز نہیں! آج ہمارے ملک کا جو سیاسی منظر نامہ، انسانی و بنیادی حقوق کی صورتحال ہے، وہ سب کے سامنے ہے۔ یہ ملک اس وقت اپنے پاؤں پر نہیں کھڑا بلکہ کرائے کی بیساکھیوں کا سہارا لیے لڑ کھڑا رہا ہے۔ حکمران کبھی ترکی کو ماڈل قرار دیتے ہیں، کبھی ملائیشیا کو، کبھی برطانیہ کو، کبھی چین اور کبھی اسکینڈے نیویا ممالک کو اورکبھی اسلام کے غلبے اور نفاذ کا نعرہ لگتا ہے۔ کبھی سیکولر و سوشلسٹ نظریات کی طرف جھکاؤ ہوتا ہے، کبھی کہا جاتا ہے کہ چین آئیڈیل ہے۔ کبھی اتا ترک اور کبھی اردوان کو پیش کیا جاتا ہے، حالانکہ پاکستان کے قیام کے مقاصد کو قائد اعظم محمد علی جناح نے بڑی صراحت کے ساتھ بیان کر دیا تھا اور وہ کس قسم کا پاکستان چاہتے تھے، اس حوالے سے ان کے کئی خطاب موجود ہیں، مگر ہم نے اپنی تاریخ کو بھی بگاڑ کر رکھ دیا ہے۔
قیام پاکستان کے بعد قائداعظم کی سوچ اور سیاسی فکر کو پس پشت ڈال کر ایک نئے بیانیے کی بنیاد ڈالی گئی اس بیانیے میں پاکستان کے عوام کی فلاح اور ترقی اور ان کے حقوق کی گنجائش نہیں رکھی گئی بلکہ طاقتور قوتوں کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنایا گیا۔ اس نئے بیانیے نے متروکہ املاک، سرکاری املاک کی لوٹ مار کا دروازہ کھولا ملک میں کرپشن کا آغاز ہی زمینوں اور گھروں کی بندر بانٹ سے ہوا اس کے بینیفشری عوام نہیں تھے بلکہ ریاستی عہدے دار، جاگیردار، قبائلی سردار تھے۔ ہمارے پاس افرادی قوت اور قدرتی وسائل کی مد میں بہت صلاحیت ہے اور خطے میں ہماری ایک خاص سیاسی و جغرافیائی اہمیت ہے اور ہم دنیا کا تجارتی مرکز بن سکتے ہیں۔ پاکستان کے چین سے سدا بہار دوستانہ اور اسٹرٹیجک تعلقات قائم ہیں۔ قراقرم ہائی وے اور زیرِ تعمیر معاشی راہداری سے پورے خطے میں سماجی و معاشی ترقی آئے گی۔ ہمیں قومی ہم آہنگی، مضبوط دفاع اور معاشی انقلاب کی ضرورت ہے تاکہ ہم اپنے مسائل کو حل کر کے پائیدار ترقی اور کامیابی حاصل کر سکیں سب سے بڑھ کر ہمیں دیانت دار اور دور اندیش قیادت کی ضرورت ہے جو لوگوں کی مخفی صلاحیتوں کو اُبھار سکے جیسا کہ ہم نے قیامِ پاکستان کے لیے کامیابی سے ایسا کیا۔ نوجوانوں کو روزگار کے بہتر موقعوں کی فراہمی اور پائیدار معاشی پالیسی کے ذریعے دہشت گردی کا خاتمہ ممکن ہے۔ عوام کے پاس مکمل سماجی و معاشی آزادی ہونی چاہیے تاکہ وہ اپنی مرضی کے حکمران منتخب کرسکیں نہ کہ جاگیرداروں کی مرضی سے۔ آزادی کے وقت جذبات سے بھر پور ہمارا نعرہ تھا لے کر رہیں گے پاکستان، بٹ کے رہے گا ہندوستان۔ آج ہمیں اُسی جذبے کے ساتھ مضبوط کریں گے پاکستان کے نعرہ کی ضرورت ہے۔