قال اللہ تعالیٰ و قال رسول اللہ ﷺ

1415

اے ایمان لانے والو، اِن اہل کتاب کے اکثر علماء￿ اور درویشوں کا حال یہ ہے کہ وہ لوگوں کے مال باطل طریقوں سے کھاتے ہیں اور انہیں اللہ کی راہ سے روکتے ہیں دردناک سزا کی خوش خبری دو ان کو جو سونے اور چاندی جمع کر کے رکھتے ہیں اور انہیں خدا کی راہ میں خرچ نہیں کرتے۔ ایک دن آئے گا کہ اسی سونے چاندی پر جہنم کی آگ دہکائی جائے گی اور پھر اسی سے ان لوگوں کی پیشانیوں اور پہلوؤں اور پیٹھوں کو داغا جائے گا یہ ہے وہ خزانہ جو تم نے اپنے لیے جمع کیا تھا، لو اب اپنی سمیٹی ہوئی دولت کا مزہ چکھو۔(سورۃ التوبۃ:34تا35)

سیدنا سہل بن سعد رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’لوگ ہمیشہ خیر پر رہیں گے جب تک کہ (غروب کے بعد) اِفطار میں جلدی کرتے رہیں گے‘‘۔ (مشکوٰۃ) سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’دین غالب رہے گا، جب تک کہ لوگ اِفطار میں جلدی کرتے رہیں گے، کیوںکہ یہود و نصاریٰ تاخیر کرتے ہیں‘‘۔ (ابوداؤد، ابنِ ماجہ، مشکوٰۃ)سیدنا ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہؐ نے اللہ تعالیٰ کا یہ ارشاد نقل فرمایا ہے کہ: ’’مجھے وہ بندے سب سے زیادہ محبوب ہیں جو اِفطار میں جلدی کرتے ہیں‘‘۔ (ترمذی، مشکوٰۃ)