کراچی:قائد حزب اختلاف سندھ حلیم عادل نے کہا ہے کہ سندھ حکومت اور پولیس بتائے شہریوں کو کن کے رحم و کرم پر چھوڑا ہوا ہے؟ اور پولیس کن کاموں میں مصروف ہے، شہریوں کی جان و مال تحفظ کون کرے گا۔
حلیم عادل نے کہا ساری پولیس سیاسی مخالفین پر انتقامی کارروائیاں کرنے اور سیاسی رہنماؤں کی کمداری پر لگی ہوئی ہے جبکہ سندھ کے شہریوں کو ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر چھوڑا ہوا ہے ، گزشتہ روز ایک جھوٹے کیس میں دو درجن سے زائد پولیس افسران حسان نیازی کو پکڑنے میں لگی تھی جبکہ اسی وقت آنکھوں کے سرجن ڈاکٹر بیربل کو ٹارگیٹ کر کو قتل کر دیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ ابھی تک نہ ایف آئی آر کٹی ہے نہ ملزمان کا پتہ چلا ہے، ڈاکٹر بیربل کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں فوری طور پر قاتلوں کو گرفتار کیا جائے۔
حلیم عادل نے کہا رواں ماہ رمضان میں دس سے زائد شہریوں کو ٹارگیٹ کر کے قتل کیا جاچکا ہے،پولیس صرف سیاسی مخالفین کو جھوٹے مقدمات میں پھسانے میں لگی ہوئی ہے، ایک طرف کچے کے ڈاکوں نے عوام کو تنگ کیا ہوا ہے، دوسری جانب کراچی میں ٹارگٹ کلنگ ہورہی ہے۔