ایس ایس یو کے30 کمانڈوز انسداد دہشت گردی کورس مکمل کرکے پاس آؤٹ

386

کراچی:نیول اسپیشل آپریشنز ٹریننگ سینٹر (NSOTC)بن قاسم گھارو میں پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی جس میں ا سپیشل سیکورٹی یونٹ کے30 کمانڈوز نے اسپیشل سروسز گروپ (نیوی)کی جانب سے8 ہفتے کا انسداد دہشت گردی کورس مکمل کرلیا۔

سینٹر سے اب تک پاس آؤٹ ہونے والا یہ ایس ایس یوکا گیارہواں بیچ ہے، اس کے علاوہ اب تک ایس ایس یو کے306 کمانڈوز نیول اسپیشل آپریشنز ٹریننگ سینٹر (NSOTC)سے تربیت حاصل کرچکے ہیں۔

کمانڈوز کو دوران تربیت سیلف ڈیفنس، کلوزکوارٹرکمبٹ، ریپیلنگ، بیسک ایکسپلوسو، رات کی تاریکی میں کیے جانے والے آپریشنز میں استعمال ہونے والی تکنیکس و آلات کا استعمال اور جدید چھوٹے ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق اسپیشلائزڈ ٹریننگ دی گئی۔

ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈایمرجنسی سروسز ڈویژن ڈاکٹر مقصوداحمد پاسنگ آؤٹ  کی تقریب کے مہمان خصوصی تھے اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایس ایس یو کے کمانڈوز کو فراہم کی جانے والی تربیت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں موثر کردار ادا کرے گی۔

ڈی آئی جی سیکیورٹی نے کمانڈنٹ (NSOTC) نعمان اسلم اور دیگر افسران کی جانب سے ایس ایس یو کمانڈوز کو جدید طرز کی تربیت فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیااور امید ظاہر کی کہ ایس ایس یو کے کمانڈوز کو تربیت فراہم کرنے کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

کموڈور ایس ایس جی (نیوی)جواد خواجہ نے اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایس یو کمانڈوز کو دی جانے والی جدید تربیت کسی بھی ناخوشگوار حالات سے نمٹنے کے لیے ان کی صلاحیتوں میں مثبت تبدیلی لائے گی۔ یہ ایس ایس یو کمانڈوز کے لیے ایک اہم دن ہے جو اس کورس کے دوران سیکھی گئی جدید مہارتوں کے بعد بہتر طور پر قوم کی خدمت کرسکیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ ملک کا ایک معیاری پولیس یونٹ ہے، ایس ایس یو کمانڈوز کے بروقت ریسپانس اور بہادرانہ کاروائی نے (KPO)کے پی او آپریشن کو کامیاب بنایا جو ایس ایس یو کمانڈوز کی پیشہ ورانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

کمانڈنٹ (NSOTC) نعمان اسلم نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورس کو موجودہ وقت کے تقاضوں کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے، کمانڈوز اب دہشت گردی سے نبرد آزما ہونے کے لئے تیار ہیں اور دہشت گردوں کی جانب سے پیدا کردہ کسی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔

بعد ازاں کموڈور ایس ایس جی(نیوی)اور کمانڈنٹ (NSOTC)نے ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد کو سووینئرز پیش کیے۔