ورلڈ کپ: سری لنکا یا بنگلہ دیش ہمارے میچز کی میزبانی کریں: پی سی بی

580

اسلام آباد:پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)  کے چئیرمین نجم سیٹھی  کا کہنا ہے کہ ہم ورلڈ کپ 2023 کے اپنے میچ سری لنکا یا بنگلہ دیش میں کھیلنا چاہتے ہیں ۔

بھارتی نیوز ایجنسی (اے این آئی) کی رپورٹ کے مطابق بورڈ کے اعلیٰ عہدیدار کا کہنا ہے کہ اگر ایشیاکپ کیلئے بھارتی بورڈ نے اپنی ٹیم پاکستان نہیں بھیجی تو تو ہم ورلڈکپ کے میچز کے لیے ہندوستان نہیں جائیں گے البتہ ہم چاہتے ہیں کہ سری لنکا یا بنگلہ دیش ہمارے میچز کی میزبانی کریں۔

دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے بدھ کے روز ان رپورٹس کو مسترد کر دیا جس میں کہا گیا تھا کہ پاکستان 2023 کے ورلڈ کپ کے میچ بنگلہ دیش میں کھیل سکتا ہے۔

آئی سی سی کے ایک عہدیدار نے بدھ کے روز کریک بز کو بتایا، “بنگلہ دیش پر بورڈ کی میٹنگ میں بالکل بھی بات نہیں کی گئی اور بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے بورڈ کی طرف سے مکمل حمایت کی گئی۔

آئی سی سی نے بھی اپنے جنرل منیجر وسیم خان کے بیان سے خود کو الگ کرلیا۔ اس سے قبل وسیم نے کہا تھا کہ پاکستان اپنے 2023 ورلڈ کپ کے میچز بھارت کے بجائے کسی نیوٹرل مقام پر کھیل سکتا ہے۔ “مجھے نہیں لگتا کہ پاکستان اپنے ورلڈ کپ کے میچ بھارت میں کھیلے گا۔ مجھے لگتا ہے کہ ان کے میچ بھی بھارت کے ایشیا کپ کے میچوں کی طرح غیر جانبدار مقام پر ہوں گے،‘‘ وسیم نے ایک مقامی نیوز چینل کو بتایا۔

دریں اثنا، دہلی یا چنئی سے ورلڈ کپ میں ہندوستان اور پاکستان کے میچ کی میزبانی متوقع ہے، جب کہ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں فائنل کی میزبانی کا سب سے زیادہ امکان ہے۔