کراچی: سول اسپتال کی جعلی نرس عدالتی ریمانڈ پر جیل روانہ

556

کراچی: جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے جعلی ڈاکٹر بن کر مریضوں کو لوٹنے کے مقدمے میں ملزمہ کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

جمعرات کوکراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں جعلی ڈاکٹر بن کر مریضوں کو لوٹنے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔پولیس نے گرفتار ملزمہ رقیہ کنول کو عدالت میں پیش کیا۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزمہ ڈاکٹر کے لباس میں سول اسپتال میں داخل ہوکر وارداتیں کرتی تھی۔

ملزمہ مریضوں کو بے ہوشی کی دوا لگا کر موبائل فونز اور زیورات وغیرہ چوری کرتی تھی۔ ملزمہ اسپتال کے مختلف وارڈز میں موجود مریضوں کو اپنا نشانہ بناتی تھی۔عدالت نے ملزمہ کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

عدالت نے 11 اپریل تک تفتیشی افسر کو مقدمے چالان پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ پولیس کے مطابق ملزمہ کو تھانہ عیدگاہ تھانے کی حدود سول اسپتال کراچی سے گرفتار کیا گیا۔