اسلام آباد: وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے گلگت کے عوام کی ضرورت کے پیش نظر گلگت میں نو تعمیر شدہ ایل پی جی ائر مکس پلانٹ کو فوری چلانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کے مسائل کا حل اُن کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
قمر زمان کائرہ نے کہاکہ نوتعمیر شدہ ایل پی جی پلانٹ کو آپریشنل کرنے کے ساتھ ساتھ صارفین کو گیس کنکشن کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے، ایل پی جی پلانٹ کی تعمیر گلگت کے عوام کے لیے ایک نعمت سے کم نہیں ہے ۔
انہوں نے کہاکہ جہاں اس پلانٹ سے گلگت کے عوام کو زندگی کی ایک بنیادی سہولت میسر ہو گی وہاں یہ پلانٹ سیاحت اور ماحولیات کے حوالے سے ایک سنگ میل بھی ثابت ہو گا جس کی مدد سے گلگت بلتستان میں جنگلات کا تحفظ ممکن ہو گااور سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا۔
وزیر اعظم کے مشیرکا کہنا تھا کہ وزارت اُمور کشمیر ،گلگت بلتستان کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے، گلگت بلتستان کے بجٹ ،گندم کی فراہمی اور باونڈری ایشو جیسے معاملات پر ہمیشہ وزارت اُمور کشمیرنے بھرپور معاونت کی اور بطور مشیر اُمور کشمیر میں نے ہمیشہ تما م تر سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر گلگت بلتستان کی حکومت اور عوام کے مسائل حل کرنے کی کوشش کی ہے ۔