بینچز تشکیل دینا چیف جسٹس کا اختیار،ججز اعتراض نہیں اٹھاسکتے، جسٹس شاہد وحید

641
objections

اسلام آباد: سپریم کورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے اختلافی نوٹ میں کہا ہے کہ بینچز تشکیل دینا چیف جسٹس کا انتظامی اختیار ہے، ججز بینچ کی تشکیل پر اعتراض نہیں اٹھا سکتے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ میں حافظ قرآن کو 20 اضافی نمبر دینے کے کیس میں جسٹس شاہد وحید نے پانچ صفحات پر مشتمل اختلافی نوٹ جاری کر دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس امین الدین کے فیصلے سے اتفاق نہیں کرتا۔

جسٹس شاہد وحید نے اختلافی نوٹ میں کہا ہے کہ از خود نوٹس میں وہ باتیں زیر بحث لائی گئیں جو کیس کا حصہ ہی نہیں تھیں، 20 اضافی نمبر دینے کے معاملے پر اٹارنی جنرل اور پی ایم ڈی سی جواب جمع کرائیں۔

اختلافی نوٹ میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ ازخود نوٹس نمبر 4/ 2022 میں قرار دے چکا کہ چیف جسٹس ہی بینچز بنانے کا اختیار رکھتے ہیں، اگر ججز کو بینچ کی تشکیل پر اعتراض تھا تو وہ کیس سننے سے معذرت کر سکتے تھے۔