الخدمت سیکڑوں بیروزگاروں کوبلاسود قرضے فراہم کر چکی ہے،نو ید علی بیگ

402

کراچی: الخدمت کراچی ’’ مواخات پروگرام ‘‘ کے ذریعے بے روزگاروں کو ان کے پیروں پرکھڑا کر نے کے لیےکوشاں ہے اور اب تک سیکڑوں بیروزگاروں کو بلاسود قرضے فراہم کر چکی ہے۔

’’ مواخات پروگرام‘‘ کراچی سمیت ملک بھرجاری ہے۔ الخدمت بے روزگاروں کو چھوٹے کاروبار کے لیے ابتدائی طورپر 30ہزارسے 75ہزار  تک کے قرضے دیتی ہے،جب کہ رمضان المبارک میں چھوٹے کاروبار اور عید الاضحیٰ جانوروں کی فروخت کے  کاروبار میں انوسٹمنٹ کے لیے مختصر مدت کے قرضے جاری کیے جاتے ہیں ،یہ تمام قرضے بلاسود فراہم کیے جاتے ہیں جب کہ اسکل ڈیولپمنٹ سینٹر میں نوجوانوں کومفت ہنر سکھایا جا رہا ہے تاکہ نوجوان ملازمتوں کا انتظار کرنے کے بجائے ہنر سیکھ کر معاشرے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

چیف ایگز یکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت سے جو لوگ قرض لیتے ہیں وہ اسے آسان اقساط میں واپس بھی کر دیتے ہیں ۔ایک فرد کاروبار کرتا ہے تو اس کا پورا خاندان اس سے استفادہ کرتا ہے اوراس شخص کے گھر میں خوشحالی آتی ہے ۔

انہوں نے کہا قرض کی فراہمی کا مقصد بے روزگار افراد کوان کے پیروں پر کھڑا کرنا ہوتاہے تاکہ وہ لوگ اپنی زندگیوں میں خوشحالی لاسکیں ۔ الخدمت نے نوجوانوں کو ہنر سکھانے کا بھی اہتمام کیا ہو ا ہے جس کےلیے پی آئی بی کالونی میں اسکل ڈیولپمنٹ سینٹر کام کر رہا ہے جہاں نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لیے الیکٹریشن اور ایڈونس ٹیلرنگ سمیت دیگر کورسز مفت کروائے جا رہے ہیں۔

نوید علی بیگ نے کہا کہ بہت سے نوجوان ہنر سیکھ کر اپنے کام کا آغازکر چکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت کے یہ تمام کام اہل خیر کے تعاون سے سارا سال جاری رہتے ہیں ۔صاحب ثروت افراد مواخات اوراسکل ڈیولپمنٹ پروگرام میں الخدمت کا ساتھ دیں ۔