کراچی:سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہاہے کہ جب بیساکھیاں ہٹ گئیں تو عمران خان کی سیاست کی تنزلی کی جھلک گزشتہ روز مینار پاکستان پر سب نے دیکھ لی۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ 2013 میں تحریک انصاف کو مینار پاکستان کے جلسہ کے ذریعے مصنوعی طریقے سے ابھارا گیا تھا، عمران خان کی سیاست دفن ہو چکی، ڈرپوک جو خود کو بڑا بہادر سمجھتا ہے ڈبوں میں بیٹھ کر موصوف خطاب فرما رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنا حشر دیکھ کر ہر دروازے پر مذاکرات کی بھیک مانگ رہی ہے، فواد چوہدری، چیئرمین بلاول زرداری اور پیپلز پارٹی کے مستقبل کی فکر کرنا چھوڑ دیں، اپنے مستقبل کے بارے میں سوچیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ فواد چوہدری بتائیں کہ ان کی تحریک انصاف نے گزشتہ روز سندھ میں ضمنی بلدیاتی انتخابات میں کتنی نشستیں جیتیں؟ کراچی سے کشمور تک فواد چوہدری کی جماعت کو پیپلز پارٹی کے جیالوں نے بلدیاتی انتخابات میں بدترین شکست دی ہے۔