کراچی میں ڈاکو راج کب ختم ہوگا؟ جماعت اسلامی سندھ

360
bandit rule

کراچی: جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ کراچی میں ڈاکو راج کب ختم ہوگا۔

کاشف سعید شیخ نے صوبائی دارلخلافہ شہر کراچی میں اسٹریٹ کرائم، ٹارگٹ کلنگ ،ڈاکہ زنی اور مزاحمت پر قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے حکومت پولیس رینجرز سمیت سیکورٹی اداروں کی بدترین ناکامی قرار دیا اور مطالبہ کیا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت ، جرائم کے خاتمے اور قیام امن کے لیے مؤثر اقدامات کئے جائیں۔

ان کا کہنا تھاکہ امن وامان کے نام پر رینجرز و پولیس پر اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود کراچی تاکشمور پورا صوبہ اس وقت بدامنی کی لپیٹ میں ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق صرف شہرکراچی میں پانچ دنوں کے دوران ڈاکوئوں کے ہاتھوں 4افراد قتل اور19زخمی ہوئے۔پورے صوبہ میں امن وامان کی صورتحال خراب ہے اس وقت بھی صرف کشمور ضلع سے 20افراد اغواہوچکے ہیں،عملی طور پر عوام کو ڈاکوؤں و رہزنوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

کاشف سعید شیخ کا کہنا تھا کہ پولیس و دیگر سیکورٹی اداروں میں موجود کالی بھیڑوں کا اغوا برائے تاوان سمیت جرائم پیشہ افرد سے ملکر شہریوں کو لوٹنے کے واقعات بھی تشویش ناک اور سیکیورٹی اداروں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ گذشتہ دنوں تاوان کے لیے اغوا کئے گئے مغویوں کی نارتھ ناظم آباد تھانے کی چھت سے بازیابی اور پولیس افسران کی معطلی اس کی واضح مثال ہے شہریوں کا یہ کہنا حق بجانب لگتا ہے کہ پولیس تھانے عوام کی جان ومال کی حفاظت کرنے کی بجائے اب جرائم کا گڑہ بنتے جارہے ہیں