حکومت نے 8 ماہ میں بینکوں سے 2 ہزار 260 ارب قرض لیا

444
State Bank

کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان  نے کہاہے کہ حکومت پاکستان نے گزشتہ 8 ماہ کے دوران بینکوں سے 2 ہزار 260 ارب روپے قرض لیا ہے، سال 2021 کے مقابلے میں سال 2022 میں حکومتی قرض کے حجم میں 9 کھرب روپے کا اضافہ ہوا۔

بجٹ سپورٹ کے لیے حکومتی قرضوں کا حجم 2 ہزار ارب روپے سے تجاوز کرگیا۔اسٹیٹ بینک کے مطابق  جولائی 2022 تا مارچ 2023 حکومت نے بینکوں سے 2 ہزار 260 ارب روپے قرضہ لیا، گزشتہ سال اس عرصے میں 535 ارب روپے قرض لیا گیا تھا۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق  جولائی سے مارچ تک مختلف کمپنیوں نے بھی 248 ارب روپے کے قرضے حاصل کیے ہیں، جس کا حجم گزشتہ سال کے اس عرصے میں 911 ارب روپے تھا۔

خیال رہے کہ صرف دسمبر 2022 میں حکومت نے 92 ارب روپے کا قرض لیا تھا جبکہ دسمبر 2022 تک حکومت کا مجموعی قرض 51 کھرب روپے تک جا پہنچا تھا۔اسٹیٹ بینک کے مطابق دسمبر 2021 کے مقابلے میں حکومتی قرض میں 9 کھرب 50 کروڑ کا اضافہ ہوا، دسمبر 2021 میں حکومت کی جانب سے لیا جانے والا قرض 41 کھرب 54 کروڑ روپے تھا۔