جعلی پاسپورٹ معاملہ: ایف آئی اے نے 5 افراد ملزمان کو گرفتار کرلیا

318

لاہور: ایف آئی اے نے مختلف شہروں میں کارروائی کر کے جعلی ویزے پر بیرون ممالک جانے والے 3مسافروں اور پاسپورٹ بنوانے کے لئے سادہ لوح شہریوں کو لوٹنے والے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے لاہور ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے عمرے کے غرض سے جانے والے 2 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔ مسافر فلائٹ نمبر ای آر 821کے ذریعے جدہ جا رہے تھے،مسافروں کے پاسپورٹ پر اٹلی روانگی کی جعلی اسٹیمپ لگی ہوئی تھی۔مسافروں کی آمد و روانگی کے حوالے سے بھی سسٹم میں کوئی ریکارڈ موجود نہ تھا۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے مجموعی طور پر 6لاکھ روپے کے عوض ایجنٹ سے ویزے حاصل کئے تھے۔ملزمان کو قانونی کارروائی کے لئے اینٹی ہیومن ٹریفیکنگ سرکل لاہور منتقل کر دیا گیا۔

ایف آئی اے امیگریشن نے سیالکوٹ ائیرپورٹ پر کارروائی کر کے جعلی ویزے پر سفر کرنے والے مسافر کو آف لوڈ کر دیا گیا، عنصر علی نامی مسافر بین الاقوامی پرواز سے اٹلی جا رہا تھا،مسافر کے پاسپورٹ پر اٹلی کا جعلی ویزہ لگا ہوا تھا،مسافر کا تعلق گجرانوالہ سے ہے۔بعد ازاں ملزم کو قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفیکنگ سرکل گجرانوالہ کے حوالے کر دیا گیا۔

دوسری جانب ایف آئی اے ملتان زون نے پاسپورٹ مافیا کے خلاف کارروائی،ڈائریکٹر ملتان زون کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر کمپوزیٹ سرکل بہاولپور عدنان لوہانی کی زیرنگرانی چھاپہ مار ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتارکر لیا۔

ملزمان پاسپورٹ بنوانے کے لئے سادہ لوح شہریوں سے پیسے بٹور رہے تھے۔ملزمان خود کو پاسپورٹ آفس کے ملازم ظاہر کر رہے تھے۔ملزمان کو ریجنل پاسپورٹ آفس رحیم یارخان کے باہر سے گرفتار کیا گیا۔

گرفتار ملزمان میں نفیس احمد، خالد محمود، محمد ساجد، محمد اشرف اور شاہد عرفان شامل ہیں۔ملزمان کو گرفتار کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا