پاکستان وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ پائیدار روابط قائم کرنا چاہتا ہے، عارف علوی

256
speculations

اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تاجکستان کے ساتھ تجارتی و اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں برادر ممالک کی ترقی کیلئے تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے اقدامات کیے جائیں.پاکستان وژن وسطی ایشیا پالیسی کے تحت تمام وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ بہتر، نتیجہ خیز اور پائیدار روابط قائم کرنا چاہتا ہے، پاکستان وسطی ایشیا کے ساتھ سیاسی، اقتصادی اور توانائی کے شعبوں میں روابط مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے ،کاسا 1000 توانائی منصوبہ وژن وسطی ایشیا کا ایک اہم جزو ہے ۔

ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی تاجکستان کے لئے نامزد سفیر محمد سعید سرور سے گفتگو کر رہے تھے ۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کے تاجکستان کے ساتھ گہرے تاریخی اور ثقافتی روابط ہیں، تاجکستان میں پاکستان کے سفیر توانائی اور تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کیلئے کام کریں ،نامزد سفیر تاجکستان میں پاکستان کے امیج کو بہتر بنانے کے لیے کام کریں۔

صدر نے دونوں ممالک کے تعلیمی اداروں کے درمیان علمی روابط قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تاجک طلبا ورچوئل یونیورسٹی اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے تعلیمی مواد تک رسائی حاصل کر کے فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔صدر مملکت نے بھارت کی اقلیت دشمن اور مسلمان دشمن پالیسیاں اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی سکیورٹی فورسز کی طرف سے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں ڈھائے جانے والے مظالم کو بھی اجاگر کیا جائے ۔صدر مملکت نے محمد سعید سرور کو تاجکستان میں بطور پاکستان کے سفیر تعیناتی پر مبارکباد دی ۔

انہوں نے کہا کہ نامزد سفیر برادر ملک تاجکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کیلئے کام کریں ۔۔