اماراتی صدر کا منشیات اسمگلنگ میں سزا یافتہ اسرائیلی خاتون کو رہا کرنے کا حکم

486

ابوظبی: متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے اپنے صوابدیدی اختیارات استعمال کرتے ہوئے منشیات اسمگلنگ کیس میں سزائے موت پانے والی اسرائیلی خاتون کی سزا معاف کرکے رہا کرنے کا حکم دیدیا۔

عالمی میڈیا کے مطابق اسرائیلی خاتون فدا کیوان کو مارچ 2021میں کینبیز اور کوکین رکھنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ فدا کیوان پیشے کے لحاظ سے فوٹو گرافر ہیں اور اسی سلسلے میں متحدہ عرب امارات آئی تھیں۔مذکورہ اسرائیلی عرب خاتون کو منشیات اسمگل کرنے کے الزام میں 2022میں پہلے سزائے موت سنائی گئی تھی تاہم بعد میں ابوظہبی کی عدالت نے اس سزا کو عمر قید میں تبدیل کردیا تھا۔

بعد ازاں خاتون نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے رحم کی اپیل کی تھی جسے منظور کرلیا گیا۔اسرائیلی صدر ہرزوگ نے اپنے اماراتی ہم منصب سے خاتون کی رحم کی منظور کرنے کی استدعا کی تھی۔

اماراتی صدر کی جانب سے سزا معاف ہونے کے بعد اسرائیلی خاتون کو ضابطے کی کارروائی کے بعد اسرائیل بھیج دیا گیا،واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات نے 2020میں اسرائیل کو تسلیم کرتے ہوئے سفارتی اور تجارتی تعلقات بحال کرلیے ہیں اور اسرائیلی خاتون کی سزا معافی کو بھی اسی تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔