بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی قسط کا حصول خواتین کیلئے درد سر بن گیا

577
Getting

مظفرآباد:  بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سہہ ماہی قسط کا حصول خواتین کیلئے درد سر بن گیا۔

تفصیلات کے مطابق بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سہہ ماہی قسط کی رقم کا حصول خواتین کیلئے عذاب بن گیا۔دارالحکومت کے مختلف مقامات پر بی آئی ایس پی کے مختص کردہ مراکز پر فراہم کردہ ڈیوائسز ناقص اور ناکارہ ہونے کی وجہ سے خواتین سارا دن کھڑے رہنے کے بعد خالی ہاتھ گھروں کو لوٹنے لگیں،خواتین میں بیشتر بیمار،بزرگ خواتین شامل ہیں جو دور دراز علاقوں سے کرایہ لگا کر آتی ہیں سارا دن روزے کی حالت میں لمبی لائنوں میں کھڑے رہنے کے بعد ڈیوائسز خراب ہونے کی وجہ سے بغیرپیسے لیے گھروں کو لوٹنے پر مجبور ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق بعض خواتین موقع پر بے ہوش ہونے لگیں،بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی طرف سے موبائل رییٹلیرز کوفراہم کی جانے والی ڈیوائسز میں سے بیشتر خراب جبکہ کچھ ناتجربہ کار عملہ کو دیئے جانے کے باعث بزرگ،معذور خواتین سارا سارا دن قطاروں میں کھڑی رہتی ہیں جس کے باعث خواتین کو رقم کے حصول میں شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہا ہے۔

خواتین کا کہنا ہے کہ سسٹم خرابی کے باعث پورا دن روزہ کی حالت میں کھڑا کردیا جاتا ہے خراب ڈیوائسسز سے جان چھڑائی جائے اور رقم کے حصول کو آسان  بنایاجائے۔انہوں نے کہا کہ ہم اتنے دور دراز سے سفر کرکے آتی ہیں یہاں آکر پتا چلتا ہے کہ ڈیوائس خراب ہے،کبھی نیٹ ورک کا مسئلہ ہوتا ہے۔