حکمرانوں کے بس میں نہیں کہ ملک کی معاشی صورتحال بہتر کر سکیں، راشد نسیم

403
mandate

لاہور:نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا کہ ان حکمرانوں کے بس میں نہیں ہے کہ ملک کی معاشی اور امن و امان کی صورتحال بہتر کر سکیں۔

راشد نسیم نے کہاکہ اللہ اور اس کے رسول ۖ کی نا فرمانی کرنے والے سیکو لر،لیبرل حکمران کبھی بھی ملک کی معیشت ٹھیک نہیں کر سکتے ہماری حکومت فوری طور پر وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے مطابق سود کو ختم کرنے کے لیے پہلا قدم اٹھائے۔

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ یہ اللہ تعالیٰ کے نظام کے متصادم سودی نظام ہی کا نتیجہ ہے کہ آج ہمارا روپیہ ڈالر کے مقابلے میں ردی کا ایک ٹکڑا بن چکا ہے، بنگلہ دیش،افغانستان کی کرنسی کی قدر ڈالر کے مقابلے میں ہم سے بہتر ہے یہ سب پھٹکار ہے جو اللہ تعالیٰ کی طرف سے پڑ رہی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قسمت صرف اسلام اور قرآن سے وابستہ ہے رمضان المبارک میں تقویٰ اختیار کرنے سے پاکستان کی قسمت سنور سکتی ہے اور پاکستان ترقی کی طرف گامزن ہو سکتاہے۔

راشد نسیم کا کہنا تھا کہ  رمضان کے مہینے میں رجو ع الی اللہ کر نا چاہیے،توبہ کرنی چاہیے اجتماعی طور پر گناہوں کی معافی مانگنی اوریہ عزم کرناچاہیے کہ پاکستان کو اسلامی حکومت اور خلافت راشدہ کی طرف لے کر جائیں گے ۔

رہنما جماعت اسلامی پاکستان نے مزید کہاکہ ماہ رمضان میں پاکستانی قوم یہ ارادہ کر لے تو اگلے سال تک ملک کی صورتحال یقینا اللہ کی رحمت اور برکت سے بہتر ہو جاے گی اور جماعت اسلامی اسی کے لیے جد وجہد کر رہی ہے۔