کراچی : امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے جماعت اسلامی کی جیتی ہوئی 6یوسیز میں دھاندلی زدہ اور تبدیل شدہ نتائج کو درست کرنے کے بجائے دوبارہ گنتی کا جو فیصلہ کیا ہے اسے ہم چیلنج کریں گے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ اہل کراچی نے جو مینڈیٹ دیا ہے اس کا تحفظ کریں گے، دو ماہ سے زیادہ عرصے تک کوئی فیصلہ نہ کر کے الیکشن کمیشن نے پیپلز پارٹی کو فائدہ پہنچایا ہے اور سندھ حکومت کو پورا موقع فراہم کیا گیاکہ نتائج میں من پسند تبدیلی کی جا سکے، سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کے ہاتھوں کراچی کو مزید تباہ و برباد نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ہی کراچی کی حالت سدھار سکتی ہے۔ 18اپریل کو ملتوی شدہ نشستوں پر انتخابات میں عوام ترازو کے نشان پر مہر لگا کر جماعت اسلامی کے میئر کا انتخاب یقینی بنائیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ حکومت کے اعلان کے باوجود رمضان المبارک میں سحر و افطار میں گیس کی لوڈشیڈنگ سے عوام شدید ذہنی و جسمانی اذیت کا شکار ہو رہے ہیں۔ عدالت اور نیپرا کے احکامات کے بر خلاف کے الیکٹرک کا بجلی کے بلوں کی عدم ادائیگی پر پوری کی پوری آبادی کی بجلی بند کر نا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ عوام کو رمضان المبارک میں گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ سے نجات دلائی جائے جماعت اسلامی عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا کسی بھی صورت میں قبول نہیں کرے گی، عوام کے حق کے لیے ہر قسم کے آئینی و قانونی اور جمہوری طریقے اختیار کریں گے۔