گداگروں نے ڈھیرے ڈال کر روزہ داروں کا ناک میں دم کردیا

534
گداگروں نے ڈھیرے ڈال کر روزہ داروں کا ناک میں دم کردیا

سوات :  سوات میں غیرمقامی گداگروں نے ڈھیرے ڈال کر روزہ داروںکا ناک میں دم کردیا، موسمی پودوںکی طرح اچانک اُگنے والے غیر مقامی گداگروں نے شہر کے ہر بازار اور چوراہوں میں نمودار ہوکر بھیک کے ساتھ ساتھ چوری چکاری کی وارداتیں بھی شروع کردی ہیں۔

افطاری کے وقت روزہ داروںکو خریدار ی میں شدید مشکلات کاسامنا، عوامی حلقوں کاانتظامیہ سے گداگروں کے خلاف فوری کا رروائی کا مطالبہ، مینگورہ شہر سمیت ملحقہ علاقو ں کبل ، بریکوٹ اور تحصیل مٹہ وخوازہ خیلہ سے موصولہ اطلاعا ت کے مطابق رمضان کا بابرکت مہینہ شروع ہوتے ہی غیر مقامی گداگروں نے سوات کا رُخ کرلیا ہے جنہوں نے مختلف علاقوں میں ڈھیرے ڈال کر روزہ داروں کو تنگ کرنا شروع کردیا ہے۔

موجودہ صورتحال میں گداگری کے اس منظم دھندے میں ملوث افراد کی وجہ سے سفید پوش لوگ کسی امداد کے حصول سے بھی محروم رہ جاتے ہیں اور یہ مافیا انفرادی طورپر سوات سے اس بابرکت مہینے میں لاکھوں کا بھیک سمیٹ کر چاند رات کو اپنے اپنے شہروں کیلئے روانہ ہوجاتے ہیں۔

عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او سوات سے ان پیشہ ور گداگروں کے خلاف فوری ایکشن لے کر ضلع بدر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔