ریسٹورنٹ میں توڑ پھوڑ، 25 افراد کیخلاف ہنگامہ آرائی کا مقدمہ درج

688
case registered

کراچی: فیروز آباد پولیس نے محمد علی سوسائٹی میں ٹیپو سلطان روڈ پر ایک ریسٹورنٹ میں توڑ پھوڑ کرنے والے 25 افراد کے خلاف ہنگامہ آرائی کا مقدمہ درج کرلیا۔ریسٹورنٹ پر کیے گئے حملے کے نتیجے میں ایک ملازم زخمی اور املاک کو نقصان پہنچا تھا۔

ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ نے بتایا کہ نجی ریسٹورنٹ (انگھیٹی) کے کچھ ملازمین سڑک پر کرکٹ کھیل رہے تھے کہ گیند وہاں سے گزرنے والے 2 نوجوانوں کو ٹکرائی، اس کے نتیجے میں ان کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی جس میں ویٹروں نے مبینہ طور پر نوجوانوں کو مارا پیٹا۔

ایس ایس پی ایسٹ نے بتایا کہ وہ نوجوان اپنے گھر گئے اور تقریباً 20 سے 25 دیگر افراد کو وہاں لائے جنہوں نے ریسٹورنٹ پر لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے حملہ کیا، توڑ پھوڑ کی اور ایک ملازم کو زخمی کرکے فرار ہو گئے۔

سینئر پولیس افسر کا کہنا تھاکہ ریسٹورنٹ انتظامیہ قانونی کارروائی نہیں کرنا چاہتی، اس لیے پولیس نے ریاست کی جانب سے دو درجن افراد کے خلاف فسادات، ہنگامہ آرائی وغیرہ کے الزام کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے اور ان کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق شکایت کنندہ اے ایس آئی اعظم مرزا نے بتایا کہ وہ علاقے میں گشت کر رہے تھے، انہوں نے دیکھا کہ تقریباً 20سے 25 افراد انگیٹھی ریسٹورنٹ میں توڑ پھوڑ کر رہے ہیں اور اس کے اندر موجود ویٹروں کو لاٹھیوں سے مار رہے ہیں اور گالی گلوچ کر رہے ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان اپنی موٹر سائیکلوں پر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تاہم ان میں سے ایک کا کوویڈ 19 ویکسین کارڈ نیچے گر گیا جس میں ایک ملزم کی شناخت فہیم ندیم کے نام سے ہوئی۔ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ مار پیٹ کی وجہ سے ایک ویٹر بھی زخمی ہوا۔