الیکشن کمیشن کے فیصلے سے ملک میں جاری سیاسی بحران مزید شدت اختیار کرگیا ،  اسداللہ بھٹو

405

کراچی: جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اور سابق رکن قومی اسمبلی اسد اللہ بھٹو نے کہا ہے کہ موجودہ نالائق، نااہل اور آئی ایم ایف کے غلام حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے دھانے پر کھڑا کردیا ہے، عوام مہنگائی، بیروزگاری اور بدامنی سے تنگ جبکہ حکمران اور اشرافیہ قرض کے مال پر عیاشیوں میں مصروف ہے۔

اسداللہ بھٹو نے کہا کہ  موجودہ اتحادی حکومت ہر قسم کے انتخابات سے فرار کے راستے پر گامزن ہے، عوام کو گیارہ مہینوں میں بدترین مہنگائی سے دوچار کرنے والے اب عوام کا سامنا کرنے سے ڈر رہے ہیں۔ امن وامان اور دہشت گردی کا عذر، عذرلنگ ہے اس لیے کہ پاکستان میں دہشت گردی تین عشروں سے جاری ہے۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں دہشت گردی بھی جاری رہی، قومی اور ضمنی انتخابات بھی ہوتے رہے بلکہ افواج پاکستان ملک کے مختلف علاقوں میں ایک سے زائد آپریشن کے ذریعے دہشت گردی کا خاتمہ کرچکی ہیں، الیکشن کمیشن کے فیصلے سے ملک میں جاری سیاسی بحران مزید شدت اختیار کرگیا ہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ روزہ خالص اللہ کے لیے ہے وہی اس کا بہتر اجر دینے والا ہے،روزہ رب سے وفاداری کا نام ہے،رمضان المبارک کا مہینہ طاغوت کے سامنے کھڑا ہو جانے کا پیغام دیتا ہے۔ رمضان المبارک عظیم الشان مہینہ ہے اور یہ تمام مہینوں کا سردار مہینہ ہے۔اس ماہ مبارک میں اللہ سے تعلق کو مضبوط بنایا جائے اور قرآن کو ترجمہ کے ساتھ پڑھا اور سمجھا جائے۔

اسد اللہ بھٹو کا کہنا تھا کہ رمضان نزول قرآن کا مہینہ ہے اور ان لوگوں کے دلوں کو تبدیل کر دیتا ہے۔رمضان کے ساعتوں برکتوں رحمتوں کو زیادہ سے زیادہ سمیٹا جائے اور اس ماہ مبارک کو اپنی زندگی کا آخری رمضان سمجھا جائے۔دنیا میں رب کے نظام کے نفاذ کے لیے عملی کوششیں کی جائیں اللہ سے اپنی مغفرت حاصل کی جائیں۔