پاکستان سے ٹی ٹوئنٹی سیریز:اسپنر راشد خان افغان ٹیم کے کپتان مقرر

407

اسلام آباد:افغانستان نے پاکستان کے خلاف 3ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا جس میں اسپنر راشد خان کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

پاکستان اورافغانستان کے درمیان 3ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 24سے 27مارچ تک شارجہ میں کھیلی جائے گی، اس سیریز میں پاکستان ٹیم کی قیادت شاداب خان جب کہ افغانستان ٹیم کی قیادت راشد خان کریں گے۔

سیریز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے افغان کرکٹ بورڈ کے ایگزیکٹو نصیب خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف سیریز کیلئے سلیکٹرز نے دستیاب بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے، سیریز کیلئے ہماری ٹیم کیمپ میں بہت محنت کررہی ہے،افغانستان ٹیم کے اسکواڈ میں نومبر میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بعد کپتانی چھوڑنے کا اعلان کرنے والے سابق کپتان محمد نبی بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

افغان کرکٹ بورڈ نے اوپنر حضرت اللہ زازئی اور مڈل آرڈر بلے باز رحمت شاہ کو اسکواڈ سے ڈراپ کردیا ہے،اسکواڈ میں بائیں ہاتھ کے اوپنر صدیق اللہ اتل کو شامل کیا گیا ہے جو سیریز میں افغانستان کے لیے ڈیبیو کر سکتے ہیں۔