بغاوت کیس: شہباز گل پر فردجرم عاید نہ ہوسکی، حاضری سے استثنا کی درخواست منظور

436

اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں اداروں کو بغاوت پر اکسانے سے متعلق کیس کی سماعت میں شہباز گل پر فرد جرم عاید نا ہوسکی، عدالت نے شہباز گل کی جانب سے حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت یکم اپریل تک ملتوی کر دی۔

 کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے کی ،شہباز گل کے شریک ملزم اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ وکیل شریک ملزم نے عدالت کو بتایا کہ اطلاعات کے مطابق شہباز گل آج نہیں آرہے لیکن ان کے وکیل ہی کنفرم کریں گے۔

 اس پر جج طاہر عباس سپرا نے مسکراتے ہوئے ریمارکس دیے کہ پتا تو ہوتا ہے آپ لوگوں کو ایک دوسرے سے رابطہ تو ہوتا ہے باریاں لگائیں ہوئی ہیں اس دفعہ آپ چلے جائیں اگلی دفعہ میں چلا جاؤں گا،جج طاہر عباس سپرا نے استفسار کیا کہ ویسے یہ یہ ٹوئٹر کیا ہوتا ہے شریک ملزم نے کہا کہ آج کل سارا پاکستان ٹوئٹر پر چل رہا ہے اس پر جج طاہر عباس سپرا نے کہاکہ ٹوئٹر، انسٹاگرام ،فیس بک کو اگر بند کر دیں تو کتنا سکون ہو جائے گا۔

 شہباز گل کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت سے استدعا کی کہ شہباز گل آرہے ہیں سماعت میں وقفہ کیا جائے جس پر عدالت نے سماعت میں 12 بجے تک وقفہ کر دیا۔ وقفے کے بعد دو سماعت شروع ہوئی تو شہباز گل کے وکیل نے عدالت کو درخواست پیش کی جس میں استدعا کی گئی کہ فیصل آباد الیکشن میں کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے باعث شہباز گل آج پیش نہیں ہو سکیں گے استثنا دیا جائے۔

 عدالت نے حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کرتے ہوئے فرد جرم عاید کرنے کے لیے یکم اپریل کی تاریخ مقرر کر دی اور عدالت نے شہباز گل کو آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔