وزیر اعظم  کا رواں سال ایک لاکھ لیپ ٹاپ دینے کا اعلان

351
tendencies

اسلام آباد:وزیر اعظم شہباز شریف نے رواں سال ایک لاکھ لیپ ٹاپ دینے کا اعلان کر دیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج تعلیم کے حوالے سے بہت اچھا دن ہے، تعلیم کے فروغ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بہت اہم ہے، ہونہارطلبا کو لیپ ٹاپ فراہم کریں گے، وزیر تعلیم اور تمام متعلقہ افسروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، بڑی بدقسمتی ہے ٹیچرز کی ٹریننگ کا معیار ٹھیک نہیں ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ  ٹیچرز کی ٹریننگ کے معیار کو بہتر بنانا ہوگا، وزیر تعلیم کو صوبوں کے ساتھ مل کر مربوط پروگرام بنانا چاہیے، تعلیم کے فروغ کے لیے اساتذہ کو معیاری تربیت کی فراہمی بنیادی اہمیت رکھتی ہے، اساتذہ کی معیاری تربیت کے لیے صوبوں کے ساتھ مل کر مربوط حکمت عملی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ووکیشنل ٹریننگ سیکٹرکی ترقی کے لیے نجی شعبے اور صوبوں سے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، تعلیم کا فروغ سب سے بڑا مقصد حیات ہونا چاہیے، وفاقی دارالحکومت میں موجود ایجوکیشن ٹریننگ سینٹرز میں جدت لانے کی ضرورت ہے، دانش اسکول سسٹم کو بلوچستان سمیت ملک بھر میں فروغ دیا جا رہا ہے۔