حق کی آواز بلند کرنے پر مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کو قید کیا گیا، سینیٹر مشتاق احمد

494
insulting

کوئٹہ: جماعت اسلامی کے رہنما سینیٹر مشتاق احمدخان نے کہا ہے کہ گوادر کے ساحل پر دیانت داری سے توجہ دے کر پورے پاکستان کو وسائل ،عوام کو روزگار ،ملک کو ترقی اور بلوچستان کو خوشحال کیا جاسکتا ہے۔

گوادر میں مولانا ہدایت الرحمن کے گھر میں ان کے بھائیوں و خاندان اور حق دو گوادر تحریک کے قائدین و ذمے داروں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ  گوادر میں بددیانتی ،کرپشن وکمیشن مافیا،ٹرالر،بھتہ خوری ،منشیات وشراب فروشی کی وجہ سے قومی سرمایہ چند لٹیروں کے جیبوں میں جارہا ہے، ان جرائم لوٹ مار ملک دشمنی اور لٹیروں کے خلاف آوازبلند کرنے پر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کو قید کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ ان شا اللہ بہت جلد باعزت طریقے سے بری ہوں گے ۔مولاناہدایت الرحمان بلوچ نے گوادر کی پسماندگی ،عوام کی غربت ،پریشانی ختم کرنے کے لیے ملک کے بڑے لٹیروں کو للکارا، ان کی للکار سے عوام ،خواتین کو حوصلہ ملا۔ جماعت اسلامی قومی اسمبلی وسینٹ میں گوادر کے مسائل ،عوام کی پریشانی ،بڑوں کی آشیرباد سے لوٹ مار کے خلاف بھر پورعوام اُٹھائیگی۔ حق دوتحریک کی جدوجہد کامیاب ہوگی اورعوام کو حقوق ملیں گے۔

استقبالیہ تقریب اور ساحل سمندر پر مچھیروں سے ملاقات کے موقع پرحق دوتحریک کے حسین واڈیلا ،جماعت اسلامی کے ذمے داران وکارکنان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سینیٹر مشتاق احمد خان کو گوادر ساحل پر لوٹ مار ،ٹرالرمافیازکی سمندری نسل کشی ،منشیات فروشوں ،شراب فروشوں ودیگر مافیازکی انتظامیہ سے گٹ جوڑ،مچھیروں کے روزگار ختم کرنے کے حوالے سے لوٹ مار کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔

سینیٹر مشتاق احمدخان نے کہاکہ ان شا اللہ گوادر کے جملہ مسائل پر پارلیمان میں آوازبلند کرونگا ۔ بدقسمتی سے بلوچستان سے منتخب نمائندوں کا اسمبلی میں ان اجتماعی سلگتے مسائل پر مجرمانہ خاموشی قابل مذمت ہے ۔گوادر روزگار کا حب بن سکتا ہے گوادر کی ترقی نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کی ترقی ہے صرف ساحل کی فشریزپر دیانت داری واخلاص اور نیک نیتی سے توجہ دی جائے تویہ ملک وعوام کیلئے بہترین ثابت ہوگا۔