دو صوبوں کے انتخابات ملک میں فساد پیدا کریں گے، وزیر داخلہ

431

فیصل آباد:وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ دو صوبوں میں انتخابات ملک میں فساد پیدا کریں گے، انہوں نے صوبائی اسمبلیاں فساد پھیلانے کیلئے توڑی تھیں، یہ انتخابات ایک نئے بحران کو جنم دیں گے، زمان پارک سے 100کے قریب مسلح لوگوں کو گرفتار کیا گیا۔

رانا ثنا نے کہا کہ ایک شخص پوری قوم کے سامنے جھوٹ بول رہا ہے، عمران خان نے آج نازیبا الفاظ استعمال کیے، عمران خان نے آج مریم صفدر کے خلاف گھٹیا زبان استعمال کی، ثابت ہو گیا مریم صفدر اس کو بے نقاب کرنے میں کامیاب رہی، عمران خان کو خطرہ ہے کہ مریم اس کو بے نقاب کر دے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے سیاسی مخالفین پر الزام تراشی کے سوا کچھ نہیں کیا، مریم نواز نے عمران خان کی فتنہ فساد کی سیاست کو بے نقاب کیا، عمران خان نے گالم گلوچ اور بدتہذیبی کے کلچر کو فروغ دیا، وہ لوگوں کو بیوقوف بنانا چھوڑ دیں، فتنہ خان کے مکر و فریب کو قوم کے سامنے رکھنا ضروری ہے۔

رانا ثنا کا کہنا تھا کہ  عمران خان جتھوں کے ہمراہ جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ آور ہوئے، عمران خان غنڈہ گردی اور دنگا فساد کر رہے ہیں، انہوں نے فرح گوگی کے ذریعے کرپشن کی، اگر سڑک پر حاضری لگنی ہے تو گھر سے ہی حاضری لگوا دیتے، عمران خان پر توشہ خانہ کی چوری ثابت ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہاکہ  مسلح جتھوں کے ساتھ عدالت جانا غنڈا گردی ہے، اس شخص کو لوٹ مار کا حساب دینا ہو گا، یہ جتھوں کو لے جا کر عدالتوں پر پریشر ڈالنا چاہتے ہیں، عمران خان نے ملکی خزانے کو 50ارب کا ٹیکہ لگایا، انہوں نے القادر ٹرسٹ کے نام پر 7ارب روپے کی زمین لی، جب یہ چار سال جھوٹے مقدمات بنا رہے تھے تب غیرت نہیں آئی؟

رانا ثنا نے مزید کہاکہ  مریم نواز کے ساتھ جیل میں بدترین سلوک کیا گیا، ڈرامہ کر کے فتنہ فساد اور جرائم کو چھپا نہیں سکتے، عمران خان نے کس قانون کے تحت زمان پارک میں مسلح جتھے رکھے۔

انہوں نے کہا کہ پٹرول بم پلاسٹک کی بوتل میں بنیں یا شیشے کی، اس کا حساب دیں، یہ حالات جو پیدا ہوئے ہیں یہ آپ نے خود کیے ہیں، عمران خان نے کہا تھا کہ آئی ایم ایف معاہدے کے بجائے خودکشی کر لوں گا۔