دولت مشترکہ  پائیدارترقی کیلیے نیا لائحہ عمل تیار کرے،حنا ربانی کھر

465

لندن : وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے لندن میں دولت مشترکہ کے 22 ویں اجلاس سے خطاب کے دوران لاس اینڈ ڈیمج فنڈ کی جلد فعالیت پر زور دیا ہے۔

انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں کے بارے میں عالمی اشتراک اور اس سلسلے میں اضافی اور معقول فنڈز کی فراہمی کی دستیابی کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے دولت مشترکہ پر زور دیا کہ وہ پائیدارترقی کے لیے نیا ذمے دارانہ لائحہ عمل تیار کریں تاکہ قرضوں کے موجودہ بوجھ کے مسائل حل کیے جاسکیں ۔

دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے لندن میں ہونے والی 22 ویں کامن ویلتھ منسٹر فارن افیئرز میٹنگ میں پاکستانی وفد کی قیادت کی۔ انہوں نے ویسٹ منسٹر ایبی میں کامن ویلتھ ڈے سروس اور بکنگھم پیلس میں سیکرٹری جنرل دولت مشترکہ کی جانب سے دیے گئے استقبالیہ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی۔

اس موقع پر وزیر مملکت نے عالمی اور علاقائی صورتحال کے بارے میں پاکستان کا نقطہ نظر اور پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک پر ان کے اثرات کے بارے میں شرکاکو آگاہ کیا۔ انہوں نے دولت مشترکہ پر زور دیا کہ وہ پائیدار ترقی کے لیے ایک نیا مالیاتی ذمہ دار ماڈل تیار کرنے میں پیش پیش رہے تاکہ موجودہ قرضوں کے بوجھ کے مسائل کو حل کیا جاسکے۔

وزیر مملکت نے موسمیاتی تبدیلی پر بین الاقوامی تعاون کی اہمیت اور موسمیاتی موافقت کے لیے اہم، اضافی اور متوقع مالی وسائل کی دستیابی کا خاکہ پیش کیا۔انہوں نے ڈیمیج فنڈ اور اس سے متعلقہ انتظامات کو جلد فعال کرنے پر بھی زور دیا۔ دولت مشترکہ کے وزرائے خارجہ امور کے اجلاس نے بورڈ آف گورنرز کی طرف سے دولت مشترکہ کو جدید بنانے کے اقدام کی توثیق کی۔