قال اللہ تعالیٰ و قال رسول اللہ ﷺ

1070

جو لوگ منکرِ حق ہیں وہ ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں اگر تم یہ نہ کرو گے تو زمین میں فتنہ اور بڑا فساد برپا ہو گا۔ جو لوگ ایمان لائے اور جنہوں نے اللہ کی راہ میں گھر بار چھوڑے اور جدوجہد کی اور جنہوں نے پناہ دی اور مدد کی وہی سچے مومن ہیں ان کے لیے خطاؤں سے درگزر ہے اور بہترین رزق ہے۔ اور جو لوگ بعد میں ایمان لائے اور ہجرت کر کے آ گئے اور تمہارے ساتھ مل کر جدوجہد کرنے لگے وہ بھی تم ہی میں شامل ہیں مگر اللہ کی کتاب میں خون کے رشتہ دار ایک دوسرے کے زیادہ حقدار ہیں، یقینا اللہ ہر چیز کو جانتا ہے۔ (سورۃ الانفال:73تا75)

سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ تعالی تمہاری تین باتوں سے راضی ہوتا ہے اور تین باتوں کو ناپسند کرتا ہے جن باتوں سے راضی ہوتا ہے وہ یہ ہیں کہ تم اس کی عبادت کرو اوراس کے ساتھ کسی چیز کو شریک نہ کرو اوراللہ کی رسی کو سب مل کر مضبوطی سے تھامے رکھواور متفرق نہ ہو،اور اللہ تعالیٰ فضول بحث کرنے ،بکثرت سوال کرنے ،اورمال ضائع کرنے کو ناپسند فرماتے ہیں۔
(صحیح مسلم)