روسی صدر سے شام کے ہم منصب کی ملاقات

450

ماسکو:روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے شام کے ہم منصب بشار الاسد نے ماسکو میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران شامی صدر نے یوکرین کے خلاف جنگ میں روس کی حمایت کا اظہار کیا۔ 

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شامی صدر نے کہا کہ ہم یوکرین جنگ میں روس کے موقف کی حمایت کرتے ہیں کیونکہ اسے پرانے اور نئے نازی ازم کا سامنا ہے۔

انہوں نے اپنے روسی ہم منصب سے یہ بھی کہا کہ ان کے اس دورے سے اقتصادی تعاون میں ٹھوس نتائج برآمد ہوں گے۔یہ ملاقات ترکیہ اور شام کے درمیان مفاہمت کے حصول کے لئے روس کی کوششوں کے تناظر میں رہی۔

روسی صدر نے ماسکو اور دمشق کے درمیان تعلقات میں پیش رفت کا خیرمقدم کیا اور اس بات پر زور دیا کہ روس شام اور ترکیہ میں گزشتہ ماہ آنے والے زلزلے کے بعد انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی جاری رکھے ہوئے ہے۔