عمران خان کے 2 مقدمات میں ناقابل ضمانت وارنٹ جاری، گرفتار کرکے پیش کرنیکا حکم

326
warrant

اسلام آباد:  اسلام آباد کی دو ماتحت عدالتوں نے توشہ کانہ کیس میں فوجداری کارروائی اور خاتون جج کو دھمکی دینے کے مقدمات میں عمران کان کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے۔

سول جج رانا مجاہد نے عمران خان کے خلاف خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے سے متعلق کیس پر سماعت کی۔عمران خان کے وکیل نعیم پنجوتھا نے اپنے موکل کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔ نعیم پنجوتھا نے کہا کہ سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پرعمران خان نہیں آسکتے۔

فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ آج عمران خان عدالتی وقت تک نہ آئے تو ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردوں گا۔بعد ازاں فاضل جج نے عمران خان کی استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ عدالت نے عمران خان کو 29 مارچ کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

ادھرڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی دائر درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بحال کر دیے۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے عمران خان کے خلاف توشہ خانہ فوجداری کارروائی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے جج ظفر اقبال نے کہا کہ فیصلہ سوا تین بجے سنایا جائے گا۔

بعد ازاں محفوظ فیصلہ جاری کرتے ہوئے عدالت نے عمران خان کی استثنیٰ کی درخواست مسترد اور ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بحال کر دیے، عدالت نے عمران خان کو گرفتار کرکے 18 مارچ کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پولیس قانون کے مطابق کارروائی کرے۔