لکی مروت اورٹانک میں مردم شماری ٹیم پر حملہ، 2پولیس اہلکار شہید

1515
Attack

لکی مروت/ٹانک: خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت اور ٹانک میں مردم شماری ٹیم کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا ، جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکارشہید 8 زخمی ہوگئے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق پولیس حکام کا کہنا تھا کہ تھانہ صدر کی حدود میں مپیروالہ گاؤں میں مردم شماری ٹیم اپنے کام میں مصروف تھی کہ 2بجکر 30 منٹ پراچانک دو نقاب پوش دہشت گردوں نے ان کی سکیورٹی پر معمور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی ،جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار دل جان شدید زخمی ہو گئے۔

لکی مروت پولیس ترجمان کےمطابق زخمی پولیس اہلکار دل جان کو ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کرگئے،تاہم ٹیم کے دیگر ارکان محفوظ رہے۔حکام نے بتایا کہ فائرنگ کے بعد دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ واقعے کے فوراً بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور سرچ آپریشن شروع کر دیا لیکن تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔

دوسری جانب ٹانک میں گومل کے علاقہ کوٹ اعظم میں بھی مردم شماری کی ٹیم پرفائرنگ کی گئی، فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار خان نواب شہید اور 8 اہلکار شدید زخمی ہوگئے جنہیں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ڈی پی او کا کہنا ہےکہ حملہ آوروں کی گرفتاری کیلئے علاقےمیں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے