نیشنل باکسنگ چیمپئین شپ کا آغاز

291

کراچی( رپورٹ : مقصودخان) پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے زیراہتمام اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کے تعاون سے منعقدہ  چیئرمین کے پی ٹی 40 ویں مینز اور خواتین کی 4 نیشنل باکسنگ چیمپئین شپ کا جناح ہال کے پی ٹی اسپورٹس کمپلیکس میں آغاز ہوگیا۔

 کے پی ٹی کے جنرل مینیجر ایڈمنسٹرشن بریگیڈیئر طارق بشیر نے پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر محمدخالد محمود کے ہمراہ چیمپئین شپ کاافتتاح کیا اس موقع پر فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل کرنل (ر) ناصر ٹنگ، پی او اے کے انفرادی ممبر وسیم ہاشمی، مینیجر اسپورٹس کے پی ٹی میجر (ر) محمود ریاض سمیت کھیلوں سے وابستہ دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

 پانچ روزہ نیشنل چیمپئین شپ میں مردوں کی 13 جبکہ خواتین کی 7 ویٹ کیٹیگری کے مقابلے کھیلے جارہے ہیں ایونٹ میں آرمی، واپڈا، ایئرفورس، نیوی، ریلوے، کے پی ٹی، ایچ ای سی، پولیس، سندھ، بلوچستان، پنجاب، خیبرپختونخواہ، اسلام آباد اور آزاد جموں کشمیر  کی ٹیمیں حصہّ لے رہی ہیں۔

 افتتاحی روز کھیلے گئے میچز میں 46-48 کے جی میں کے پی ٹی کے تابش نے خیبر پختونخواہ عبدالباسط کو، بلوچستان کے جہانزیب نے پنجاب کے احتشام کو اور نیوی کے زوہیب رشید نے ایئرفورس کے طیب کیخلاف کامیابی حاصل کی مینز 48-51 کے جی میں سندھ کے حسبان نے خیبرپختوانخواہ کے این اللہ کو، پاکستان ایئرفورس کے امیرحمزہ نے ریلوے کے عثمان زئی، پولیس کے اسماعیل نے آزاد کشمیر کے سردار احسن راؤ جبکہ نیوی کے ساجد رشید نے آرمی کے طلحہ کو شکست دی۔